سرگودھا میں ماں کی 3 کمسن بچیوں کو قتل کرکے خودکشی کی کوشش
تھانہ صدر کے علاقے میں خاتون نے اپنی 3 بچیوں کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا اور خودکشی کرنے کی کوشش کی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سرگودھا تھانہ صدر کے نواحی گاؤں 49 میں 3 بچیوں کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا گیا جب کہ بچیوں کی ماں کو بھی شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا، مرنے والی بچیوں میں 4 سالہ مسکان، 3 سالہ ثناء اور 5 سالہ مقدس شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ خاتون نے خود اپنی بچیوں کو قتل کیا اور الزام سے بچنے کے لیے خود کو بھی زخمی کرلیا تاہم خاتون کا بیان ہے کہ بچیوں کو اس نے نہیں بلکہ اس کے شوہر نے قتل کیا ہے کیوں کہ شوہر کو بچیاں پسند نہیں تھیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، واقعہ کے حقائق جا ننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں اور بچیوں کے والد کی تلاش بھی جاری ہے۔