سال میں کتنا وقت مرد اپنی بیگمات سے چھپنے کے لئے ٹوائلٹ میں گزار دیتے ہیں؟ تازہ تحقیق میں ایسا انکشاف کہ آپ ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوجائیں گے
بیگم سے ڈرنے والے مردوں کے بارے میں تو آپ نے ضرور سُن رکھا ہو گا، شاید دو چار ایسے لوگوں کو جانتے بھی ہوں گے، مگر یہ بیچارے بیگم کے عتاب سے بچنے کے لئے گھر میں کس جگہ چھُپتے ہیں، یہ بات آپ کو بالکل معلوم نہیں ہو گی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق برطانیہ میں ایک تازہ ترین تحقیق خصوصی طور پر اس موضوع کے متعلق کی گئی، جس میں بیگم سے ڈرنے والے مردوں کے متعلق ایک ایسا انکشاف سامنے آیا ہے کہ جان کر آپ کو ہنسی تو آئے گی مگر ان مظلوم مردوں پر ترس بھی آئے گا۔اس تحقیق میں پتا چلا ہے کہ مرد ایک سال کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 7 گھنٹے باتھ روم میں چھپ کر گزارتے ہیں ، جس کا واحد مقصد کچھ دیر کے لئے بیگم کی نظروں سے اوجھل رہنا ہوتا ہے۔ مرد خصوصاً اس وقت باتھ روم میں پناہ لیتے ہیں جب بیگم کسی بات پر اُن سے پوچھ گچھ کرنے کے موڈ میں ہو، اظہار ناراضی کرنا چاہتی ہو، یا لڑائی کے لئے پر تول رہی ہو۔
اس تحقیق میں کل 1000 برطانوی مردوں سے معلومات جمع کی گئیں۔ یہ بات بھی سامنے آئی کہ اوسطاً ہر 10 میں سے ایک بار واش روم جاتے ہوئے بیگم کی روک ٹوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے، یا واش روم میں موجودگی کے دوران بیگم کے کسی سوال کا جواب دیتا پڑتا ہے، یعنی سال میں تقریباً 171 بار ایسا ہوتا ہے۔
تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ بیشتر مردوں کے لئے باتھ روم ایک پناہ گاہ کی حیثیت رکھتاہے جہاں وہ خود کو بیوی کی نظروں سے چھپا کر کچھ وقت سکون سے گزارسکتے ہیں۔ تحقیق میں شرکت کرنے والے تقریباً 25 فیصد مردوں کا کہنا تھا کہ اگر وہ وقتاً فوقتاً باتھ روم کا رخ نہ کرسکیں تو معلوم نہیں وہ گھریلو زندگی کے دباﺅ کا سامنا کس طرح کرپائیں گے، جبکہ ایک تہائی کا کہنا تھا کہ اُن کے لئے بیوی کی نظروں سے اوجھل ہونے کا واحد راستہ باتھ روم جانا ہی ہے۔