مردوں کو شکار کرنے والا خطرناک ترین کینسر جس کی تشخیص کتے سونگھ کر ہی کر لیتے ہیں، وہ بات سامنے آگئی جو لاکھوں مردوں کی زندگی بچاسکتی ہے

پراسٹیٹ کینسر مردوں میں پایا جانے والا سب سے عام کینسر ہے جس کے باعث ہر سال لاکھوں افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ اس کا شمار کینسر کی ان اقسام میں ہوتا ہے جن کی تشخیص بروقت ہونے کی شرح انتہائی کم ہے کیونکہ تشخیص کے پیچیدہ عمل اور علامات کے واضح نا ہونے کی وجہ سے مریض بیماری سے بے خبر رہتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ بیماری جس کی تشخیص جدید سائنس اور پیچیدہ ترین مشینوں کے لئے مشکل ہے اس کا کھوج کتے انتہائی آسانی سے لگا لیتے ہیں ۔ کتوں کی اس غیر معمولی صلاحیت کا انکشاف سامنے آنے کے بعد برطانیہ میں ایک ادارے نے خصوصی طور پر ایسے کتوں کی تربیت شروع کر دی ہے جن کا کام ہی پراسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہے۔

میل آن لائن کے مطابق ’میڈیکل ڈیٹیکشن ڈاگز‘ نامی ادارے کے پاس اس وقت 31 کتے زیر تربیت ہیں جنہیں پراسٹیٹ کینسر کا سراغ لگانے کی تربیت دی جا رہی ہے ۔ اس ادارے کی سربراہ ڈاکٹر کلیر گیسٹ کاکہنا تھا کہ کتے میں سونگھنے کی حس انسان کی نسبت 40گنا زیادہ طاقتور ہے اور خصوصاً یہ بات حیرت انگیز ہے کہ کتے مختلف قسم کی بو کو سونگھنے کی ناقابل یقین صلاحیت رکھتے ہیں۔ کتوں کی اسی صلاحیت کو استعمال کرتے ہوئے انہیں مختلف قسم کی بیماریوں کے خلیات کی بو سونگھنے کی تربیت دی جاتی ہے۔ اس تربیت کے نتیجے میں یہ کئی اقسام کی بیماریوں کے خلیات کا آغاز میں ہی پتا چلا لیتے ہیں۔ میڈیکل ڈیٹیکشن ڈاگز کے کتے کئی اقسام کی بیماریوں کو پکڑنے کی تربیت حاصل کر رہے ہیں لیکن ان کا بنیادی کام پراسٹیٹ کینسر کا پتا چلانا ہے۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.