اگر مارک زیوکر برگ آپ سے فیس بک پر رابطہ کرنے کی کوشش کرے تو فوراً چوکنے ہو جائیں کیونکہ ۔۔۔جانئے اور خود کو محفوظ رکھیں
سوشل میڈیا پر نوسربازوں کے لوگوں کو کئی حیلے بہانوں سے لوٹنے کی خبریں آتی رہتی ہیں اور اب فیس بک کے ذریعے ایک نوسرباز نے صارفین کو لوٹنے کا ایسا طریقہ وضع کر لیا ہے کہ سن کر ہی آدمی پریشان ہو جائے۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق اس طریقے میں نوسرباز کسی اور کو نہیں بلکہ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ ہی کا نام استعمال کر رہے ہیں۔ وہ لوگوں کو مارک
زکربرگ کے نام سے بنائے گئے جعلی اکاؤنٹ سے میسج کرتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ تمہاری ’’فیس بک لاٹری‘‘ نکل آئی ہے اور پھر اس لاٹری کو نکلوانے کی مد میں اس سے رقم ہتھیالیتے ہیں۔
67سالہ گرے بیرن ہارڈ نامی امریکی شہری بھی ان لوگوں کی طویل فہرست میں شامل ہے جو اب تک اس نوسرباز گروپ کے ہاتھوں لٹ چکے ہیں۔ بیرن نے بتایا ہے کہ ’’ایک صبح میں اٹھا تو یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ مجھے خود مارک زکربرگ کی طرف سے میسج آیا ہوا تھا، جس میں مجھے بتایا گیا تھا کہ میری ساڑھے 7لاکھ ڈالر(تقریباًساڑھے 7کروڑ روپے) کی فیس بک لاٹری نکلی
ہے۔ میں نے جواب میں میسج کیا تو مجھے بتایا گیا کہ لاٹری کی رقم حاصل کرنے کے لیے مجھے آئی ٹیونز گفٹ کارڈ کی شکل میں 200ڈالر ادا کرنے ہوں گے، پھر لاٹری کی رقم مجھے ٹرانسفر کی جائے گی۔ یہ رقم میں نے انہیں بھیج دی، چند دن تک پھر ان سے گفتگو ہوتی رہی اور انہوں نے پھر ایک بہانہ کیا اور مجھے سے دوبارہ 1310ڈالر لے لیے۔ چند دن بعد جب انہوں نے
تیسری بار مجھ سے رقم طلب کی تو مجھے شک گزرا اور جب تحقیق کی تو پچھتاوے کے سوا میرے ہاتھ کچھ نہ آیا، کیونکہ یہ سب تو دھوکا تھا، مجھے پہلے ہی تحقیق کر لینی چاہیے تھی جو میں نے نہیں کی۔‘‘