بیٹنگ آرڈر تبدیل کرنے سے فرق نہیں پڑے گا ، ٹیم کا کپتان ہی نالائق ہو تو ٹیم کیا کرے؟:مریم اورنگزیب
پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ غلام سرور اور اسد عمر نے دیگر وزارتیں لینے سے انکار کردیا ہے اب بیٹنگ آرڈر تبدیل کرنے سے فرق نہیں پڑے گا ، تحریک انصاف کی کابینہ کرائے کی کابینہ ہے جب کہ ٹیم کے ناقص کپتان کے جانے سے فرق پڑتا ہے،عوام جس کرب سے گزرہی ہے وزیراعظم عمران خان آپ کو جواب دینا ہوگا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب کیا ہوا، آج خیریت تو تھی، بڑے پریشان تھے آپ؟ اتنی گھبراہٹ اتنا غصہ کیا ہوا ؟آپ نے کہا کوئی آپ کی حکومت گرارہا ہے تو آپ قوم کو بتائیں کون حکومت گرا رہا ہے؟ آپ کی نالائقی، نااہلی یا زبان آپ کی حکومت گرا رہی ہے ،جب کہ اس حکومت کو گرانے کیلئے آپ کی نالائقی، نااہلی اور زبان ہی کافی ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ غلام سرور اور اسد عمر نے دیگر وزارتیں لینے سے انکار کردیا ہے اور بیٹنگ آرڈر تبدیل کرنے سے فرق نہیں پڑتا،تحریک انصاف کی کابینہ کرائے کی کابینہ ہے جب کہ ٹیم کے ناقص کپتان کے جانے سے فرق پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی تو اپوزیشن نے بولنگ ہی نہیں کرائی تو آدھی ٹیم ہٹ وکٹ ہوچکی ہے اور پاکستان کے مفاد میں بیٹنگ آرڈر نہیں نالائق کپتان کی تبدیلی ہے، ٹیم کا کپتان ہی نالائق ہو تو ٹیم کیا کرے؟ نالائق کپتان ہمیشہ نالائق ٹیم کا چناؤ کرتا ہے اور عمران صاحب اب شور کرنے سے بات نہیں بنے گی، پچھلے 9 ماہ سےعوام جس کرب سے گزر رہی ہے، آپ کو جواب دینا ہوگا اور بزدار، شاہ فرمان، محمود خان گھبرانے والی فہرست میں شامل ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کپتان اتنانا لائق ہے کہ کوئی بھی کھلاڑی ٹیم کا حصہ بننے کو تیار نہیں ہے اور نوجوان نوکری نہیں دعا مانگ رہے ہیں کہ آپ کی نوکری چلی جائے،عوام جان چکے ہیں کہ پاکستان ویسے ہی چل رہا ہے جیسے پشاور کی میٹرو، عمران صاحب پیسوں سے کچھ نہیں ہوتا اور اگر ہوتا تو پشاور میں ایک کھرب کے میٹرو کے کھڈے نہ ہوتے،آپ شہباز شریف جیسی ایک میٹرو بھی نہ بناسکے ،عمران صاحب کابینہ کا حجم بڑھانے سے کارکردگی ٹھیک نہیں ہوتی،نیت ٹھیک کرنے سے کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہنواز شریف نے کبھی نہیں کہا ملک چور ہے، ملک کے پاس پیسے نہیں ہیں، نواز شریف نے سی پیک کا تحفہ دے کر ملک کو نا قابل تسخیر بنایا اور انہوں نے پاکستان کے نوجوانوں کو امید دی،نواز شریف نے اللہ تعالیٰ کی مدد سے ناممکن کو ممکن بنایا، نواز شریف نے 11 ہزار میگا واٹ بجلی بناکر لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی اور انہوں نے 1700 کلو میٹر موٹرویز بنائیں، لاکھوں نوجوانوں کو روزگار دیا، ملک کو دہشتگردی سے پاک کیا۔