میاں شریف خاندان کے کن افراد کو جیب خرچ دیتے تھے اور کیا کیپٹن صفدر کو بھی پیسے ملتے تھے ؟ مریم نواز نے عدالت میں گھر کے اندر کی کہانی بیان کردی
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ ان کے دادا میاں شریف مرحوم خاندان کے افراد کے اخراجات اٹھاتے اور انہیں جیب خرچ دیتے تھے۔
مریم نواز کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں دوسرے روز بھی اپنا بیان ریکارڈ کرایا جارہا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ لندن فلیٹس حسین نواز کی ملکیت ہیں ، نیلسن اور نیسکول کمپنی کے بینیفشل آنر بھی وہی ہیں، ان دونوں کمپنیوں کا ٹرسٹ ڈیڈ کے ذریعے مجھے ٹرسٹی بنایا گیا ، میں نے جے آئی ٹی میں دونوں ڈیکلریشن دیے جو کہ نوٹری پبلک سے تصدیق شدہ تھے۔سپریم کورٹ نے مجھے اور میرے خاوند کو شامل تفتیش ہونے کا حکم نہیں دیا تھا لیکن سپریم کورٹ کی ہدایت نہ ہونے کے باوجود ایکسپرٹ کی رائے لی گئی جس کا مقصد مجھے اور میرے شوہر کو شامل تفتیش کرکے ملوث کرنا تھا۔
مریم نواز نے کہا یہ حقیقت ہے کہ ان کے دادا میاں شریف مرحوم خاندان کی کفالت کرتے تھے ، وہی خاندان کے افراد کے اخراجات اٹھاتے اور سب کو جیب خرچ بھی دیتے تھے۔
خیال رہے کہ مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نے جے آئی ٹی کو ریکارڈ کرائے گئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ جدہ میں ان کا کوئی ذریعہ معاش نہیں تھا بلکہ میاں شریف مرحوم انہیں 1500 ریال ماہانہ وظیفہ دیتے تھے۔