مشیر اطلاعات بنتے ہی فردوس عاشق اعوان کیخلاف نیب انکوائری بند
نیب نے مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات معاملے میں انکوائری بند کر دی۔
ذرائع کے مطابق مشیر اطلاعات بنتے ہی نیب کی جانب سے فردوس عاشق اعوان کے لیے بڑا فیصلہ آگیا، نیب نے فردوس عاشق اعوان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی انکوائری بند کردی ہے۔
فردوس عاشق اعوان کے خلاف نیب کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کے حوالے سے درخواست موصول ہوئی تھی جس پر نیب لاہور نے ایل ڈی اے سے فردوس عاشق اعوان کا ریکارڈ طلب کیا تھا تاہم ایل ڈی اے نے نیب کو مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرنے کے لیے مزید دستاویزات مانگی جس پر نیب نے ناکافی شواہد کی بنیاد پر کیس بند کر دیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں تبدیلی کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کی جگہ فردوس عاشق اعوان کو مشیر اطلاعات مقرر کیا ہے۔