اپنے معذور دوست کو 6 سال سے کندھوں پر اٹھا کر سکول لیجانے والے 12 سالہ بچے نے دوستی کی نئی تاریخ رقم کردی
کہاوت ہے کہ دوست کی پرکھ ضرورت کے وقت ہوتی ہے اور اس چینی لڑکے نے اپنے معذور دوست کی مدد، بلکہ خدمت کرکے دوستی کی ایسی نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ 12سالہ ژو بنگ یانگ ہے جو گزشتہ 6سال سے اپنے معذور دوست کو کندھوں پر اٹھا کر سکول لا اور لیجا رہا ہے۔ اس کا دوست ژینگ ژی روزانہ اس کی پشت پر سوار ہو کر سکول آتا ہے اور سکول میں بھی جب ایک جگہ سے دوسری جگہ جانا ہو، ژو بنگ ہی اسے اٹھا کر لے جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ژینگ ژی پٹھوں کی ایک نایاب بیماری ’ریگ ڈول‘ (Ragdoll) میں مبتلا ہے۔ وہ چار سال کا تھا جب اسے یہ بیماری لاحق ہوئی۔ اس وقت بھی ژوبنگ اس کا دوست تھا اور اس کی وجہ سے اس کے سکول آنے کا سلسلہ کبھی نہیں رکا۔ تب سے وہ ژوبنگ کے کندھوں پر سوار ہو کر سکول آ رہا ہے۔سیچوآن آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے ژینگ ژی کا کہنا تھا کہ ”ژو بنگ میرا بچپن کا بہترین دوست ہے۔ ہم بچپن سے ایک ساتھ ہی کھیلتے آ رہے ہیں اور ایک ہی کلاس میں ہیں۔ میں اس کا بہت شکر گزار ہوں کہ وہ میرے معذور ہونے کے بعد میری اتنی مدد کر رہا ہے۔“دوسری طرف ژوبنگ کا کہنا تھا کہ ”میرا وزن 40کلوگرام ہے جب کہ ژینگ ژی کا وزن صرف 25کلوگرام ہے۔ چنانچہ اسے اٹھانا میرے لیے کوئی مشکل کام نہیں ہے۔“