مہوش حیات امیتابھ بچن پر برس پڑیں
نامورپاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کو فلم میں پاکستانی بننے سے انکارکرنے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ بگ بی کے اس اقدام نے سخت مایوس کیا۔
دوروز قبل بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کی جانب سے پاک بھارت تعلقات پرمبنی فلم میں پاکستانی شخص کا کردارادا کرنے سے انکارکرنے پر پاکستان میں موجود ان کے مداحوں کو سخت مایوسی ہوئی تھی۔ امیتابھ بچن کے چاہنے والوں کو امید نہیں تھی کہ وہ کشیدگی کے اس ماحول میں امن کا سفیر بننے سے انکارکردیں گے۔
امیتابھ کے اس اقدام سے مایوس ہونے والوں میں پاکستانی اداکارہ مہوش حیات بھی شامل ہیں جنہوں نے امیتابھ کے فیصلے پرسخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگریہ خبر درست ہے تو امیتابھ کے اس اقدام سے سخت مایوسی ہوئی ہوں۔ فلموں میں ایک دوسرے کو آپس میں جوڑنے کی طاقت ہوتی ہے، جب کشیدگی عروج پر ہو تو فلمیں پُل کا کام کرتی ہیں۔ مجھے امید ہے کہ بالی ووڈ کے مستقبل کے بارے میں جذباتی گفتگوسے پہلے ہم احتیاط سے کام لے سکتے ہیں۔
If true, this is very disappointing. Movies have the power to build bridges especially when tensions are high. I guess that in the end nationalism trumps everything – I hope that we can also take heed before we gush about all things Bollywood in future.https://t.co/XqYQZjN53d
— MehwishHayat (@MehwishHayat) April 11, 2019
واضح رہے کہ بالی ووڈ کے آسکرایوارڈ یافتہ ساؤنڈ ڈیزائنرریسول پوکوٹی نے ہدایت کاری کے میدان میں ڈیبیو کرتے ہوئے پاک بھارت تعلقات پر فلم بنانے کا اعلان کیا تھا جس میں امیتابھ بچن کو پاکستانی شخص کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی گئی تھی تاہم ابتدا میں بگ بی اپنے کردار کو لے کر بہت پُرجوش تھے لیکن پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے بعد امیتابھ اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹ گئے اورپاکستانی بننے سے ہی انکار کردیا۔