آسٹریلوی کھلاڑی غیر مہذب اور مغرور ہیں، مکی آرتھر
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے غیرمہذب رویے ختم کرنے کیلیے سنجیدگی سے کام نہیں لیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے غیرمہذب رویے ختم کرنے کیلیے سنجیدہ کام نہیں کیا، آسٹریلوی کھلاڑی غیر مہذب اور مغرور ہیں، بال ٹمپرنگ کلچر کو ختم نہ کرنے کے ذمہ دار کھلاڑی اور کرکٹ آسٹریلیا دونوں ہیں۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران آسٹریلوی ٹیم کا غیرمہذب اور متکبرانہ رویہ دیکھ کر بہت مایوسی ہوئی، کینگرو کرکٹرز کا اپنے کام سے متعلق رویہ بھی ٹھیک نہیں رہا، کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ میں بال ٹمپرنگ کا واقعہ کئی سالوں سے جاری اس عمل کے ذمہ داران کو سزا نہ دینے کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا اور اس کی قومی ٹیم نے نسل در نسل تبدیلی کے باوجود اس کلچر کو ختم کرنے کے لیے سنجیدگی سے کام نہیں کیا، بال ٹمپرنگ کے حوالے سے اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کمیرون بین کرافٹ پر عائد پابندی درست ہے۔
واضح رہے کہ مکی آرتھر آسٹریلوی ٹیم کی کوچنگ کرنے والے پہلے غیرملکی کوچ تھے اور دورہ بھارت کے دوران معاملات خراب ہونے کی وجہ سے 2013 میں کوچنگ کے عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔