نوجوان کو موبائل فون پر لڑکی سے دوستی کے بعد شادی کرنا مہنگا پڑگیا
نیلم کالونی کلفٹن کے رہائشی حنیف کو موبائل فون پر لڑکی سے دوستی اور کورٹ میرج زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم کر گئی۔
نیلم کالونی کلفٹن کے رہائشی نوجوان حنیف نے اپنے چوکیدار سے ایک لڑکی نسرین کا نمبر حاصل کرکے موبائل فون پر اس سے دوستی کی اور دسمبر 2018 کو پہلی ملاقات کے محض 12 روز بعد ہی نسرین سے کورٹ میرج کرلی۔
ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ نوجوان حنیف نے بتایا کہ اس کا آبائی تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے اور کئی برس سے کراچی میں روزگار کے سلسلے میں مقیم ہے، پیشے کے اعتبار سے وہ مستری ہے جب کہ لڑکی نسرین بنگلوں میں کام کرتی تھی اور اس کا آبائی تعلق وہاڑی سے تھا، شادی کے بعد بھی دونوں ہنسی خوشی رہ رہے تھے کہ شادی کے کچھ دن بعد نسرین نے گاؤں جانے کی خواہش ظاہر کی اور بتایا کہ اس کی ماں کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے جس پر حنیف نے اسے جانے کی اجازت دے دی۔
حنیف کا کہنا ہے کہ شادی کے موقع پر اس نے نسرین کو ایک لاکھ روپے مالیت سے زائد کے طلائی زیورات دیے تھے، 13 فروری کی صبح حنیف اپنے کام پر چلا گیا لیکن جب شام کو واپس آیا تو گھر میں تالہ لگا ہوا تھا، اس نے نسرین کا نمبر ڈائل کیا تو اس کا موبائل بند تھا، جس کے بعد وہ تالہ توڑ کر گھر میں داخل ہوا تو گھر سے تمام زیورات، کچھ نقدی، نکاح نامہ اور اس کا شناختی کارڈ غائب تھا۔
حنیف کی درخواست پر پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کردیا ہے لیکن نسرین کا اب تک کچھ پتہ نہیں چل سکا جس پر اس نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ نسرین کو جلد گرفتار کیا جائے۔