’مودی الیکشن کی جنگ پاکستان لے گیا ہے‘ امریکی جریدے نے مودی کو بے نقاب کردیا
پاکستان اور خود بھارت کے اندر ایسی آوازیں اٹھ رہی ہیں جو حالیہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ بھارت کے آئندہ ہفتوں میں ہونے والے انتخابات کو قرار دے رہے ہیں۔ اس موقف کے حامیوں کا کہنا ہے کہ نریندر مودی نے انتخابی مہم کے دوران اپنی کمزور ساکھ کو سہارا دینے اور انتخابات جیتنے کی غرض سے پاکستان کے ساتھ کشیدگی پیدا کی۔ اب معتبر امریکی اخبار فارن پالیسی نے بھی نریندرمودی کو بے نقاب کرتے ہوئے اپنی رپورٹ میں کہہ دیا ہے کہ ”نریندرمودی اپنی الیکشن کی جنگ کو پاکستان لے گئے ہیں۔“
اخبار اپنی رپورٹ میں لکھتا ہے کہ ”حالیہ پاک بھارت کشیدگی کا واقعہ 1971ءکی جنگ کے بعد سب سے بڑا واقعہ ہے، جس میں بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی۔ بھارت نے یہ خلاف ورزی پلوامہ میں ہونے والے خودکش حملے کو جواز بنا کر کی جس میں 40بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ بالاکوٹ میں بھارتی ایئرسٹرائیک پر عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ”یہ واقعہ بھارتی الیکشن سے محض چند ہفتے قبل سیاسی سپورٹ حاصل کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا۔“
کارنیگی انڈوومنٹ فار انٹرنیشنل پیس کے ساﺅتھ ایشیاءپروگرام کے ڈائریکٹر میلن ویشنیف کا کہنا ہے کہ ”اس بحران سے نریندر مودی کو عالمی سطح پر طاقت کا مظاہرہ کرنے کا ایک موقع ہاتھ آیا۔ اس کے علاوہ ایسے میں جب بھارت کے الیکشن چند ہفتے کی دوری پر ہیں، پاکستان کے ساتھ اس تصادم سے نریندر مودی اور ان کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو واضح طور پر فائدہ پہنچا۔ بھارتی انتخابات کے ہنگام جیت کے لیے نریندر مودی کے ہاتھ میں جو سب سے بڑے پتے ہیں وہ اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے، فیصلہ کن لیڈرشپ اور قوم پرستی کے ہیں۔ اس بحران کے ذریعے نریندرمودی نے اپنے یہ تینوں پتے کھیلے ہیں۔“