بارشیں ہی بارشیں ۔۔۔ ژالہ باری ، تیزہوائوں کیساتھ بارش ، محکمہ موسمیات نے ٹھنڈی ٹھنڈی پیش گوئی سنادی
ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور برفباری سے موسم سرما کا آغاز ہوگیا،کوئٹہ، قلات، مالاکنڈ،گلگت سمیت مختلف علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ ٹھنڈی ہوائیں اور فضا میں خنکی بڑھنے کے بعد لنڈا بازاروں میں بھی لوگوں کا رش لگ گیا۔بالائی اور میدانی علاقوں میں بارش کے سلسلے کے بعد سردی کا آغاز ہو گیا۔ صبح کے اوقات میں دھند، فوگ بھی زور پکڑنے لگی۔ ملک کے مختلف علاقوں میں دھوم مچاتے جاڑے نے اپنی آمد کا بگل بجا دیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق (جڑواں شہروں) اسلام آباد اور راول پنڈی میں بارش کی پیش گوئی ہے، کشمیر، گلگت بلتستان اور پہاڑوں پر برفباری بھی متوقع ہے۔ کوئٹہ، قلات، مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں آج بھی برفباری
اور وقفہ وقفہ سے بارش کا امکان ہے۔ملکہ کوہسار، مالم جبہ، ناران اور شوگران میں برف باری شروع ہوئی، تو ہر سو سفید چادر تنی زمین نے موسم کے نظارے دلفریب بنا ڈالے، جب کہ آزاد کشمیر کی وادی نیلم اور لیپہ میں روئی کے گالوں نے مناظر اور بھی حسین بنا دیئے، جس سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیاح دور دور سے خوبصورت وادی پہنچ گئے۔کاغان، ناران، اسکردو، سمیت پہاڑی علاقوں میں برف پڑنے سے راستے بند ہونے لگے۔ شانگلہ میں بارشوں کے بعد لینڈسلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم چوتھے روز بھی بند رہی، تاہم سیاحوں کی واپسی شروع ہوگئی۔کاغان، ناران، اسکردو، سمیت پہاڑی علاقوں میں برف پڑنے سے راستے بند ہونے لگے۔
شانگلہ میں بارشوں کے بعد لینڈسلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم چوتھے روز بھی بند رہی، تاہم سیاحوں کی واپسی شروع ہوگئی۔ میٹ آفس کے مطابق اتوار کے روز لاہور، فیصل آباد اور ملتان سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، راول پنڈی، اسلام آباد سمیت کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش نے موسم ٹھنڈا کردیا۔ بلوچستان میں بھی سردی نے اپنے پر پھیلا دیئے۔ کوئٹہ میں سردی بڑھتے ہی گیس پریشر کم ہونے لگا، جس سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 2ڈگری سینٹی گریڈ، قلات اور دالبندین میں 4 ، ژوب میں 9 اور خضدار میں10ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان میں موسم کی کروٹ نے کراچی والوں کو بھی موسم میں تبدیلی کا اشارہ دے دیا۔ شہر میں رات کے اوقات میں خنکی نے سردی کا احساس دلایا۔سردی کی آمد پر جھنگ کی خاص سوغات کنول کی جڑ کے پکوڑوں کی مانگ میں اضافہ ہوگیا۔ دوسری جانب شمالی اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سردی بڑھتے ہی سوئپ کے اسٹالز پر رش، میوہ جات، رضائیوں اور کمبلوں کی فروخت میں اچانک اضافہ ہوگیا۔ بیشتر علاقوں میں لکڑیوں کی قلت پیدا ہوگئی۔