نئی تاریخ رقم، اب محکمہ ڈاک اپنی چیزیں کتنی دیر میں منزل تک پہنچائے گا؟ جان کر آپ بھی کہیں گے ’یہ ہے نیا پاکستان‘
وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر محکمہ ڈاک میں ون ڈے ڈیلیوری سسٹم کا افتتاح کردیاگیا، ون ڈے ڈیلیوری سسٹم کے تحت شہری اپنا قیمتی سامان اور اہم دستاویز صرف ایک دن میں حاصل کرسکیں گے، دن 1 بجے سے پہلے بھیجا گیا سامان رات 12 بجے سے پہلے وصول ہوگا۔پاکستان پوسٹ کا عملہ 50 ہزار روپے تک کی بھیجی گئی رقم گھر کی دہلیز پر پہنچائے گا۔
افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان پوسٹ تقریباً 10 ارب سالانہ خسارے میں جا رہا ہے۔ پاکستان پوسٹ میں بہت صلاحیت ہے، پوسٹ کے نظام کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان پوسٹ جلد خسارے سے نکل کر نفع بخش ادارہ ہوگا، الیکٹرونک
منی آرڈر ایک بہترین سہولت ہے۔ انہوں نےبتایا کہ ون ڈے ڈیلیوری کی سہولت ابتدائی طور پر 25 شہروں میں ہوگی۔ الیکٹرانک منی آرڈر کی سہولت 80 شہروں میں دے رہے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پوسٹل سروسز کو جدت کی نئی راہوں پر لے جانے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان بھر کے ڈاک خانوں کا معیار تبدیل کریں گے۔ 13 ہزار ڈاک خانوں کو جدید ترین پوسٹل سروسز کا مرکز بنائیں گے، پاکستان پوسٹ کے ریونیو میں اضافے کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں۔ جلد ہی پاکستان پوسٹ کا ملکی معیشت میں بڑا حصہ ہوگا۔ منصوبوں سے پوسٹل سروسز کا 12 ارب روپے کا خسارہ ختم ہوگا۔