”چلو گھر کا راستہ ناپو “ محمد عباس نے آسٹریلوی بلے بازوں کا سامان ’پیک ‘ کروانے کا انتظام مکمل کر لیا

دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی باولر محمد عباس ایک مرتبہ پھر سے قہر بن کر برس پڑے ، پاکستان نے آسٹریلیا کی 78 سکور پر 5 وکٹیں گرا دی ہیں جن میں سے چار وکٹیں اکیلے محمد عباس نے حاصل کیں جبکہ ایک کھلاڑی کو حمزہ میر نے پولین پہنچایا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے 538 رنز کے ہد ف کے تعاقب میں 47 رنز اور ایک وکٹ کے نقصان پر کھیل کا آغاز کیا لیکن چند ہی لمحوں بعد محمد عباس ایک مرتبہ پھر قہر بن کر آسٹریلوی بولروں پر برس پڑے اور دو وکٹیں گرا دیں۔گزشتہ روز آسٹریلیا کی پہلی وکٹ 10 سکور پر گری جو کہ حمزہ میر نے گرائی تاہم آج محمد عباس نے آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 71 کے مجموعے پر ٹی ایم ہیڈ کی گرائی جو کہ 36 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔ اس کے بعد مارش نے وکٹ پر اتر کر ہدف کو عبور کرنے کا بیڑہ اٹھایا لیکن وہ محمد عباس کی طوفانی گیند کا سامنا کرنے میں ناکام رہے، مارش 5 سکور بنا کر 77 کے مجموعے پر پولین لوٹ گئے۔

قومی کرکٹ ٹیم نے دوسری اننگز 400 رنز 9 کھلاڑی آوٹ پر ڈکلیئر کر کے آسٹریلیا کو جیت کیلئے 538 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں آسٹریلیا نے گزشتہ روز کے کھیل کے اختتام تک47 رنز بنائے اور آج کھیل کا آغاز کر دیا ہے ۔

پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان اور 144 رنز کے ساتھ تیسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا تاہم اظہر علی 64 رنز بنا کر پولین لوٹ گئے جبکہ حارث سہیل صرف 17 رنز بنانے میں ہی کامیاب ہوئے۔ پانچویں نمبر پر آنے والے اسد شفیق 44 رنز بنا کر آوٹ ہو گئے جبکہ چھٹے نمبر پر آنے والے بابراعظم نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 99 رنز بنائے مگر اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی سنچری بنانے میں ناکام ہو گئے۔

اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم نے 137 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز کا آغا زکیا تو 15 کے مجموعی سکور پر محمد حفیظ 6 رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر ٹریویس ہیڈ کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ پہلی وکٹ گرنے کے بعد فخر زمان اور اظہر علی نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 91 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 106 تک پہنچا دیا تاہم اس موقع پر فخر زمان نیتھن لیون کی گیند پر ان کے ہاتھوں ہی کیچ آوٹ ہو گئے۔

یاد رہے کہ پاکستان کے 282 رنز کے جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم صرف 145 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی اور پاکستان کو 137 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔آسٹریلیا کی جانب سے فنچ 39 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے اور سٹارک 34 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ دیگر بلے بازوں میں عثمان خواجہ نے 3، پیٹر سڈل نے 4، شون مارش نے 3، ٹریویس ہیڈ نے 14، مچل مارش نے 13، مارنوس لیبوس چینج نے 25، ٹم پین نے 3، نتھن لیون نے 2 اور جون ہولانڈ نے 2 رنز بنائے۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.