ملک میں عمران خان کی نہیں بلکہ پس پردہ قوتوں کی حکومت ہے
جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں عمران خان کی نہیں بلکہ پس پردہ قوتوں کی حکومت ہے۔
لاہور میں نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی سنگین صورتحال اختیار کر چکی ہے، نواز شریف سے اس بارے میں گفتگو کی گئی اور عوام کامستقبل بہتر کرنے کیلئے کیا کیا جاسکتا اس پرغورکیاگیا، اب زرداری سے بھی آج یا کل ملاقات کرکے ان امور پر بات چیت ہوگی۔
مولانا فضل الرحمان نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جعلی اور خلائی وزیراعظم ہیں، ملک میں عمران خان کی حکومت نہیں ہے بلکہ ان کے پیچھے موجود قوتیں اپنے ادارے کی طاقت کے بل بوتے پر کب تک عمران خان کو کھینچتی ہیں، اس پر ان کا انحصار ہے۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ حکومت کے خاتمے کیلئے اپوزیشن متحد ہے اور سوچ میں کوئی اختلاف نہیں تاہم حکمت عملی مرتب کرنے کی ضرورت ہے، اپوزیشن جماعتوں میں مکمل ہم آہنگی ہونے تک کمی اور خلا موجود رہے گا، میڈیا اگر جے یو آئی (ف) کے ملین مارچ کی کوریج نہیں کرے گا تو اس پر اعتماد ختم ہوجائے گا۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ نیب انتقامی ادارہ ہے جسے بری طرح استعمال کیا، اس سے احتساب اور انصاف کی توقع نہیں کی جاسکتی، اس کے خلاف ہمیں سخت فیصلے لینے چاہئیں۔