مراد سعید اور شیخ رشید کی کارکردگی شاندار قرار، فواد چوہدری کے ساتھ عمران خان نے کیا کیا؟ بڑا دعویٰ
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران شیخ رشید اور مراد سعید کی کارکردگی بہترین قرار پائی ہے جبکہ فواد چوہدری کی بھی تعریف ہوئی ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم نے کابینہ کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کی کارکردگی کو زبردست قرار دیا گیا اور انہیں وفاقی وزیر بنائے جانے کا امکان ہے۔ وفاقی کابینہ میں سب سے شاندار کارکردگی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی قرار پائی۔ وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ نے شیخ رشید کی کارکردگی پر ڈیسک بجا کر انہیں داد دی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ 100دن کی کارکردگی کے حوالے سے وزراءکی بریفنگ صبح ساڑھے 11 بجے شروع ہوئی جو اب بھی جاری ہے۔ انہیں لگتا ہے کہ اجلاس اتنا طویل چلے گا کہ وہ پریس کانفرنس بھی نہیں کرسکیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم جس محنت، صبر اور تحمل سے تمام وزراءکی کارکردگی جانچ رہے ہیں یہ انہی کا خاصہ ہے۔ 100 دن میں وزارتوں میں جو کام ہوئے ہیں پچھلے دس سال میں اس کا تصور بھی نہیں ہو سکتا تھا۔