مری میں فیملی کیساتھ بدتمیزی ،وزیر اعلیٰ کا نوٹس
مری میں مال روڈ پر سیاحوں کے ساتھ بدتمیزی کا ایک اور واقعہ، ہوٹل ایجنٹوں کی خاتون کے ساتھ بدتمیزی کی ویڈیو منظر عام پر آگئی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔
عینی شاہدین کے مطابق اتوار کی شام ساڑھے 6بجے مال روڈ پر جی پی او چوک کے قریب کچھ ہوٹل ایجنٹس نے خاتون سیاح پر آوازیں کسیں ، خاتون کے شوہر نے منع کیا تو ایجنٹس نے اسے دھکے دیئے۔اس موقع پر وہاں موجود لوگوں اور ٹریفک پولیس اہلکاروں نے بیچ بچاﺅ کروایا، متاثرہ فیملی نے بازار پولیس چوکی جاکر ہوٹل ایجنٹس کے خلاف کارروائی کی درخواست کی تو چوکی انچارج نے کہا کہ یہ واقعہ ان کی حدود میں پیش نہیں آیا۔ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی اور متاثرہ فیملی کو ہر صورت انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
دوسری جانب سی پی او راولپنڈی نے بازار پولیس چوکی کے انچارج اور تمام اہلکاروں کو معطل کر دیا۔تھانہ مری کے ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کرلی ہے جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔