دوران پرواز مسافر جہاز کی کھڑکی میں اس چھوٹے سے سوراخ نے طیارہ کو یقینی تباہی سے بچالیا، مگر کیسے؟ جان کر آپ کی حیرت کی بھی انتہا نہ رہے گی
کہنے کو تو یہ ایک چھوٹا سوراخ ہے لیکن اس بظاہر بے وقت اور معمولی سی چیز نے سینکڑوں انسانوں کی جان بچا لی ہے۔ یہ جہاز کی کھڑکی کے شیشے کا سوراخ ہے، جس کی وجہ سے بدھ کے روز ساﺅتھ ویسٹ ائرلائن کی پرواز 657 خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی ہے۔
میل آن لائن کے مطابق پرواز 657 شکاگو سے نووآرک جاتے ہوئے جب 26ہزار فٹ کی بلندی پر تھی تو اس کی ایک کھڑکی کا بیرونی شیشہ ٹوٹ گیا۔ ابھی دو ہفتے قبل اسی ائرلائن کے ایک طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں ایک خاتون مسافر اس وقت ہلاک ہوگئی جب کھڑکی کا شیشہ ٹوٹنے کی وجہ سے اس کا نصف دھڑ جہاز سے باہرلٹک گیا تھا۔ انجن کی ٹوٹ پھوٹ سے ایک دھاتی پرزہ کھڑکی پر آن لگا تھا جس نے شیشے کی تینوں تہوں کو توڑ ڈالا تھا۔
اس بار کھڑکی کے بیرونی شیشے میں دراڑ آئی تھی لیکن کھڑکی کے سوراخ دار ڈیزائن کی وجہ سے اندرونی شیشہ محفوظ رہا۔ اگرچہ باہر والا شیشہ ٹوٹا تھا لیکن درمیانی شیشے میں موجود سوراخ کی وجہ سے باقی دو تہیں محفوظ رہی تھیں، اور یہی وجہ تھی کہ کیبن کا اندرونی پریشر کم نہیں ہوا اور پرواز بحفاظت لینڈ کر گئی۔
واضح رہے کہ کمرشل طیاروں کی کھڑکیوں میں تین تہیں ہوتی ہیں جن کے درمیان کچھ فاصلہ رکھا جاتا ہے۔ اندرونی تہوں کے نچلے حصے میں ایک چھوٹا سا سوراخ ہوتا ہے جس کی وجہ سے کیبن کے اندر کا دباﺅ سب سے زیادہ بیرونی تہہ پر اثرانداز ہوتا ہے، یعنی سب سے پہلے بیرونی شیشے کے ٹوٹنے کا امکان ہوتا ہے۔ اگر باہر والی سطح ٹوٹ جائے تو پائلٹ خبردار ہو جاتا ہے اور اس سے قبل کہ اندرونی تہیں بھی متاثر ہوں اسے قریب ترین ائرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کا وقت مل جاتا ہے۔