”مظاہرین کو طاقت کے زور پر سڑکوں سے ہٹانے کا فیصلہ ، 111 بریگیڈ سے بھی مشاورت مکمل لیکن رات گئے۔۔۔“حیران کن خبرآگئی
آسیہ بی بی کی رہائی کے خلاف جاری احتجاجی مظاہروں کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز نے بھرپور ایکشن کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جڑواں شہروں میں رینجرز اور پاک فوج کی ٹرپل ون بریگیڈ کے ذریعے آپریشن کیا جاسکتا ہے جبکہ لاہور میں کور کمانڈر لاہور کی سربراہی میں آپریشن ہوگا۔ اسلام آباد کو مظاہرین سے خالی کرانے کیلئے آپریشن کا حتمی فیصلہ ہوچکا تھا اور ٹرپل ون بریگیڈ سے مشاورت بھی مکمل ہوگئی تھی تاہم رات گئے آپریشن موخر کردیا گیا ۔
ضرور پڑھیں: غازی علم الدین شہید کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا
حکومت نے آسیہ بی بی کی رہائی کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کے استعمال کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد، لاہور ، کراچی سمیت دیگر شہروں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ مظاہرین کو طاقت کے زور پر منتشر کرنے کے آپریشن میں پولیس، رینجرز اور دیگر سکیورٹی فورسز حصہ لے سکتی ہیں۔
دی نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد میں آپریشن کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی تھیں تاہم بدھ کو رات گئے آپریشن موخر کردیا گیا جبکہ تھانوں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا گیا تھا۔ اسلام آباد میں آپریشن کا فیصلہ چیف کمشنر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں آپریشن کور کمانڈر لاہور کی قیادت میں ہوگا۔ خفیہ ادارے کے اہم ذریعے کا کہنا ہے کہ امن عامہ کی صورتحال خراب کرنے والے افراد کی لسٹ تیار کرلی گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں آپریشن کیلئے رینجرز کو طلب کیا جاچکا ہے جبکہ ٹرپل ون بریگیڈ سے بھی جڑواں شہروں میں آپریشن کیلئے مشاورت مکمل ہوچکی ہے۔ اگر مظاہرین کی جانب سے پرامن طور پر احتجاج ختم نہ کیا گیا تو ریاستی ادارے بھرپور آپریشن کا ارادہ کرچکے ہیں۔
خیال رہے کہ پاک فوج کی ٹرپل ون بریگیڈ کوئیک رسپانس فورس کے طور پر جانی جاتی ہے جو فوری آپریشنز میں حصہ لیتی ہے۔ اب تک جتنے بھی مارشل لا لگے ہیں ان میں ٹرپل ون بریگیڈ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔