مسلم لیگ ن کو اندرون لاہور سے بھی بڑا جھٹکا لگ گیا، ایسے خاندان نے منہ موڑ لیا کہ پوری پارٹی کی دوڑیں لگ گئیں
حمزہ شہباز شریف کی ٹرکاں والا فیملی کو منانے کی کوششیں ناکام ہو گئیں اور اندرون لاہور کے بااثر خاندان نے بالآخر مسلم لیگ ن سے راہیں جدا کر لیں۔ ٹرکاں والا فیملی نے تحریک انصاف کو باقاعدہ جوائن کر لیا اور حمزہ شہباز شریف کے مقابلے میں تحریک انصاف کے امیدوار نعمان قیصر کی انتخابی مہم شروع کر دی۔ چند دن پہلے حمزہ شہباز شریف نے بالاج ٹیپو ٹرکاں والا سے ملاقات کی جس میں ان کے ساتھ احمد علی بٹ اور اشفاق موہلن بھی موجود تھے۔
اس ملاقات میں دونوں طرف سے شکوہ شکایات کی بھرمار کے بعد بالاج ٹیپو نے حمزہ شہباز شریف کی حمایت سے انکار کر دیا اور ملاقات کا اختتام تلخ کلامی پر ہوا جس کے بعد بالاج ٹیپو اور ان کے سسر خالد محمود بھٹی پہلوان نے تحریک انصاف جوائن کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس خاندان کی تحریک انصاف میں شمولیت میں
سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور اور سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے اہم کردار ادا کیا جبکہ سابق صوبائی وزیر بلال یاسین جو کہ ٹرکاں والا فیملی کے رشتہ دار ہیں، وہ اس معاملے پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ ٹرکاں والا فیملی کی ن لیگ سے محبت کا یہ عالم تھا کہ اس خاندان کے ڈیرے پر ہمیشہ دو تین شیر رکھے جاتے تھے۔تاہم نئی صورتحال میں اس خاندان نے ن لیگ سے ناطہ توڑ لیا ہے۔