نیب نے زیر تفتیش مقدمات میں ملوث سیاستدانوں اور بیورو کریٹس کی فہرست جاری کر دی، کتنے لوگوں کیخلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں؟ بڑے بڑوں کے ہوش اڑ گئے
نیب نے زیر تفتیش مقدمات میں ملوث سیاستدانوں اور بیورو کریٹس کی فہرست جاری کر دی ہے جس کے مطابق مجموعی طور پر 71 سیاستدان اور بیورو کریٹس کیخلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں جن میں پانچ سابق وزرائے اعظم، چار سے زائد سابق وزرائے اعلیٰ، سابق وزراءسمیت موجودہ حکومتی رہنماءبھی شامل ہیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق 71 سیاستدانوں اور بیورو کریٹس کی اس فہرست میں سابق وزرائے اعظم نواز شریف، شوکت عزیز، راجہ پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی اور شجاعت حسین کا نام بھی شامل ہے اس کے علاوہ چار سے زائد وزرائے اعلیٰ ہیں جن میں پنجاب اور بلوچستان کے دو اور سندھ کے تین سابق وزرائے اعلیٰ شامل ہیں جبکہ الگ الگ صوبوں کے حوالے سے بھی تفصیلات دی گئی ہیں۔
اس فہرست میں خیبرپختونخواہ کے سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا نام بھی شامل ہے جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری اور بابر اعوان کا نام بھی شامل ہے۔ سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ سابق وزیر بابر اغوری، ڈاکٹر عاصم، آغا حسین درانی، سہیل انور سیال، وسیم اختر، جام خان شورو، پیر صبغت اللہ راشدی، سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کیخلاف بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔