نواز شریف نے جیل جانے سے قبل لوگوں کو آخری پیغام کیا دیا

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے نیب مقدمے میں سزا ہونے کے بعد کہا ہے کہ ہم تو پتھر کے لوگ ہیں یہ دکھ سہہ لیں گے۔

احتساب عدالت نے نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سناتے ہوئے ڈیڑھ ملین برطانوی پاؤنڈ اور 25 ملین ڈالر (ساڑھے 3 ارب روپے) جرمانہ بھی عائد کردیا، تاہم دوسرے ریفرنس فلیگ شپ میں انہیں بری کردیا گیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے نیب ریفرنس میں سزا ہونے کے بعد کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم تو پتھر کے لوگ ہیں یہ دکھ سہہ لیں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ بیگم کلثوم کی وفات پر اب تک مریم اور میری والدہ صدمے میں ہیں، بیٹی مریم بھی آج فیصلہ سننے کے لیے میرے ساتھ عدالت آنا چاہتی تھیں لیکن میں نے خود انہیں منع کیا اور دادی کے ساتھ رکنے کی ہدایت کی۔ مسلم لیگ کے قائد نے کہا کہ حوصلہ دینے والا اللہ ہوتا ہے اور ہم نے اس مشکل وقت میں حوصلہ نہیں چھوڑنا بلکہ صبر کرنا ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ چھوٹی صاحب زادی بھی انگلینڈ سے آنا چاہتی تھیں لیکن انہیں بھی منع کیا، سب صحافیوں کا اور میڈیا کا شکر گزار ہوں۔

عدالتی فیصلے سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنماوٴں نے نوازشریف سے ملاقات کی، اس موقع پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھے کسی قسم کا خوف نہیں، ایمانداری سے ملک اور عوام کی خدمت کی، کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال بھی نہیں کیا،کوئی غلط کام نہیں کیا جس پر سرجھکانا پڑے، اللہ سے پوری امید ہے کہ مجھے انصاف ملے گا۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.