نوازشریف سے جیل میں کونسی مشقت لی جارہی ہے ؟ آئی جی جیل خانہ جات میدان میں آ گئے ،واضح اعلان کر دیا
سابق وزیراعظم نوازشریف اس وقت کوٹ لکھپت جیل میں قید کاٹ رہے ہیں اور حال ہی میں میڈیا میں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ نوازشریف سے جیل میں صفائی ستھرائی کی مشقت لی جارہی ہے تاہم اب اس پر آئی جی جیل خانہ جات میدان میں آ گئے ہیں اور اصلیت سب کو بتا دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات شاہد سلیم بیگ نے کہاہے کہ نوازشریف کو اپنی بیرک یعنی کمرے تک محدود رکھا گیا ہے اور ان سے بیرک کے اندر ہی مشقت لی جارہی ہے ۔ ان کا کہناتھا کہ نوازشریف اپنی بیرک کی صفائی ستھرائی کے ذمہ دار ہوں گے ۔نوازشریف کو بیرک سے باہر آ نے کی اجازت نہیں ہے جبکہ ان کا کو جیل میں کوئی مشقتی بھی نہیں دیا گیا ہے ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ نوازشریف سے ان کے اہل خانہ کل ملاقات کریں گے ، جن میں حمزہ شہباز، مریم نوازاور نوازشریف کی والدہ بھی شامل ہیں ۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے نوازشریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سات سال قید اور اربوں روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں بری کر دیا گیا تھا ۔ اس سے قبل نوازشریف کو احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا سنائی گئی تھی جسے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے معطل کر دیا گیا تھا ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ سے فیصلہ آنے پر نیب نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا ، سپریم کورٹ نے شریف فیملی کے تینوں ممبران کی ضمانتیں بحا ل رکھتے ہوئے فیصلہ معطل کر دیا تھا ۔