نواز شریف کے گارڈز کا نجی ٹی وی کے کیمرہ مین پر بہیمانہ تشدد، کیڑے مکوڑوں کی طرح کچلتے رہے

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے گارڈز کی جانب نجی ٹی وی کے کیمرہ مین کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاﺅس اسلام آباد کے باہر سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی گاڑی میں بیٹھ رہے تھے جبکہ رپورٹرز ان سے سوالات پوچھنے اور کیمرہ مین فوٹیج بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔ جیسے ہی نواز شریف کی گاڑی کا دروازہ بند ہوا ، ان کے گارڈز ایک کیمرہ مین پر ٹوٹ پڑے اور اسے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔

نواز شریف کے ایک گارڈنے زمین پر گرے ہوئے کیمرہ مین کے منہ کے اوپر اس طریقے سے چھلانگ لگائی جیسے کسی کیڑے مکوڑے کو کچلنے کیلئے طریقہ اپنایا جاتا ہے۔ گارڈز کے تشدد سے کیمرہ مین بیہوش ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے پولی کلینک ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ کیمرہ مین کی شناخت واجد علی شاہ کے نام سے ہوئی ہے جو نجی ٹی وی سماءمیں ملازم ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب بھی موقع پر پہنچ گئیں اور انہوں نے صحافی کو بہتر علاج کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کیمرہ مین کے ساتھ ہسپتال میں موجود ہیں ، نواز شریف نے کسی پر تشدد کی ہدایت نہیں کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف غریبوں کی بد دعائیں نہ لیں ، ان کی حکومت ختم ہوگئی لیکن مغلیہ سوچ ختم نہیں ہوئی، کیمرہ مین کے زخمی ہونے پر نواز شریف نے رکنے کی بھی زحمت نہیں کی۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.