نواز شریف کے ساتھ نہ ڈیل کی جا رہی ہے اور نہ ڈھیل دی جائے گی
وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان ایسےآدمی نہیں کہ کسی کوڈھیل یا ڈیل دیں، نوازشریف کو طبی بنیاد پربیرون ملک جانےکی اجازت دی جارہی ہے ، جس کے بعد وہ ضرور وطن واپس آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ نہ ڈیل کی جا رہی ہے اور نہ ہی ڈھیل دی جارہی ہے، عمران خان اس قسم کے آدمی نہیں کہ کسی کوڈیل یا ڈھیل دیں۔
اعجاز شاہ کا کہنا تھا نواز شریف کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیرون ملک علاج کی اجازت دی جا رہی ہے کیونکہ ڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف کی حالت تشویشناک ہے اور پاکستان میں ان کا علاج ممکن نہیں لہٰذا نواز شریف کو صرف علاج کے لئے باہر جانے کی اجازت دی جارہی ہے، وہ علاج کے بعد وطن واپس ضرور آئیں گے۔
آزادی مارچ سے متعلق وزیر داخلہ کا کہنا تھا حکومت یہ پانچ سال اور اگلے پانچ سال بھی پورے کرے گی اور مولانا فضل الرحمان کو اتنی سہولتیں دے رہے ہیں کہ وہ جلد جانیوالے نہیں ہیں، وہ وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ بھول جائیں گے۔
خیال رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں نیب کےموقف پرتحفظات کا اظہارکیا گیا، ذرائع کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے نیب کے مؤقف پر ناپسندیدگی کااظہار کرتے ہوئے کہا نیب نے درخواست پرواضح مؤقف نہیں اپنایا جبکہ سیکریٹری صحت پنجاب نےتین میڈیکل رپورٹس پیش کیں۔
ذیلی کمیٹی نوازشریف کانام ای سی ایل سےنکالنے پرسفارشات مرتب کرے گی ، تاہم سفارشات پرفیصلہ وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں ہوگا۔
واضح رہے نوازشریف کا نام تاحال ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں موجود ہے، جس کے باعث سابق وزیرِاعظم کو بیرون ملک جانے میں مشکلات کا سامنا ہے ، ذرائع کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کو نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکلنے کا انتظار ہے، نام نکلنے کے فوری بعد نوازشریف کو علاج کے لیے بیرون ملک منتقل کیا جائے گا۔