میں الیکشن کے نتائج کو نہیں مانوں گا کیونکہ…. نواز شریف نے واضح اعلان کر دیا
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے آئندہ عام انتخابات پر تحفظات کا اظہار کردیا اور کہا ہے کہ وہ ان الیکشن کے نتائج قبول نہیں کریں گے کیونکہ ان کی نااہلی اور مسلم لیگ ن کے سینیٹرز کے ساتھ جو ہوا وہی آئندہ انتخابات میں بھی ہونے جا رہا ہے۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آئندہ الیکشن کے نتائج کو قبول نہیں کریں گے، یہ نہیں ہوسکتا کہ کسی کو دبایا جائے اور کسی کو کھلی چھٹی دے دی جائے ۔ اس وقت عجیب سی صورتحال دیکھ رہے ہیں یہاںتک کہا جارہا ہے کہ پنجاب کی کارکردگی بہت کمزور ہے مجھے ان الفاظ کی منطق نہیں سمجھ آتی۔ اگر آپ سارے پاکستانی ہیں تو آپ پنجاب کو بھی
جانتے ہیں اور کراچی ، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کو بھی جانتے ہیں، آپ بتائیں سب سے بہترین کارکردگی کس صوبے کی ہے؟ اس سوال کا جواب گلی میں جاتا ہوا بندہ بھی کہے گا کہ پنجاب کی کارکردگی سب سے بہترین ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ پارٹی صدر کے عہدے سے مجھے ہٹانے کے بعد کون سا فری اینڈ فیئر الیکشن ہونے جارہا ہے، یہ سب کچھ ہوتا رہا تو فری اینڈ فیئر الیکشن کیسے ہوسکتے ہیں؟۔اگر چیف جسٹس نے کہا ہے کہ فری اینڈ فیئر الیکشن کرائیں گے اور مدت آگے نہیں بڑھائیں گے تو اس کا عملی مظاہرہ سب کو نظر آنا چاہیے تاکہ ہم بھی کہیں کہ ہم صحیح جانب بڑھ رہے ہیں۔ آئندہ الیکشن پر مجھے سخت تحفظات ہیں ہمارے سینیٹرز کے ساتھ جو سلوک ہوا میں ان انتخابات کو اس کے ساتھ مشابہت دوں گا کیونکہ جو بات عمران خان اور زرداری کہہ رہے ہیں چیف جسٹس کی زبان سے بھی وہی باتیں نکل رہی ہیں۔