کیا نواز شریف نے پرول کے کاغذات پر دستخط کرنے سے انکار کیا تھا ؟ شہباز شریف نے لندن پہنچتے ہی سب بتا دیا
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے پیرول کے کاغذات پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد انہوں نے خود دستخط کیے ۔ اہلیہ کی وفات کے صدمے سے نواز شریف بہت دکھی ہیں، قوم سے درخواست ہے کلثوم نواز کی مغفرت کیلئے دعا کرے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اپنی بھابھی کلثوم نواز کی میت لانے کے لیے لندن پہنچے۔ نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز اپنے چچا شہباز شریف کو دیکھتے ہی جذبات پر قابو نہ رکھ پائے اور ان کے گلے لگ کر روتے رہے۔
شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز نے حالات کا بڑی دلیری سے مقابلہ کیا، جب ہم جیل میں تھے انہوں نے پختہ ارادے سے پارٹی کیلئے کام کیا۔ اللہ نواز شریف اور ان کے بچوں کو صبر جمیل دے، اہلیہ کی وفات پر نواز شریف بہت دکھی ہیں، وہ اس صدمے سے انتہائی دکھ میں ہیں، قوم سے درخواست ہے کلثوم نواز کی مغفرت کیلئے دعا کرے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے 109 سے زائد پیشیاں بھگتیں، ثبوت کوئی نہیں ملا، نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ ہوگا، ہم سب نے اللہ کی عدالت میں پیش ہونا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پیرول کے کاغذات پر دستخط کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد انہوں نے خود ان کاغذات پر دستخط کیے۔
واضح رہے کہ سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی نمازجنازہ آج (جمعرات کو) لندن کے ریجنٹ پارک اسلامک سنٹر میں پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر سوا چار بجے ادا کی جائے گی، نماز جنازہ میں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف، حسین نواز، حسن نواز، اسحاق ڈار، لیگی کارکن اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی شرکت کریں گے۔
نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد کلثوم نواز کی میت کو ہیتھرو ائیرپورٹ لے جایا جائے گا، جہاں رات دس بجے پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے اسے پاکستان روانہ کیا جائے گا، میت جمعہ کی صبح چھ بجے لاہور ایئرپورٹ پہنچے گی، شہباز شریف، نواز شریف کی صاحبزادی اسما نواز، حسین شریف سمیت خاندان کے دیگر افراد میت کے ساتھ لاہور آئیں گے۔ بیگم کلثوم نواز کی شریف سٹی جاتی امرا میں نماز جمعہ کے بعد سوا پانچ بجے نماز جنازہ ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں ان کے سسر میاں شریف کے پہلو میں دفن کیا جائے گا۔