دشمن مجھے جیل بھیجنا چاہتے ہیں،آواز دوں تو قوم میرا ساتھ دے :نواز شریف
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ دشمنوں کی شدید خو اہش ہیں کہ مجھے کو جیل بھیج دیا جائے ، وہ اس سے قبل بھی مجھے ہتھکڑیاں لگا چکے اور 7سال کیلئے ملک سے باہر نکال چکے ہیں۔ اس لئے جب میں آواز دوں تو قوم میرا ساتھ دے ۔ چند لوگ پچھلے 70سال سے عوام کی قسمت کا فیصلہ کر تے رہے ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا ۔
منڈی بہاﺅ الدین میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے جلسے تبدیلی کا پیش خیمہ ہیں۔ عوام گرمی ، روزے کی پروا کئے بغیر مسلم لیگ ن کے جلسوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ نواز شریف اپنی ذات کیلئے نہیں عوام کیلئے اور عوام کے بچوں کیلئے لڑ رہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ 70سال سے جو نا انصافی ہو رہی ہے اس کا سلسلہ اب آگے نہیں چل سکتا
۔ میں عوام کی حکمرانی کے لئے جدو جہد کر رہا ہوں۔میں آج 92پیشیاں بھگت کر جلسے میں پہنچا ہوں ۔ اس ملک میں ایسا کوئی سیاستدان نہیں جس نے 5سے زیادہ پیشیاں بھگتی ہوں لیکن میں نے عوام کیلئے اتنی پیشیاں بھگتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام عہد کرے کے ووٹ کا تقدس بحال کرنے کیلئے اور ووٹ کوعزت دینے کیلئے نواز شریف کا ساتھ دینا ہے ۔ انہوں نے کہا پچھلے 70 سال سے چند لوگ عوام کی قسمت کا فیصلہ کرتے رہے ہیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا ۔ عوام کے اگلے 70سال پچھلے 70سال سے بہتر ہونگے ۔
انہوں نے کہا کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے زندگی بھر کے لئے نا اہل کردیا لیکن پاکستان کے لوگ میرے سا تھ ہیں اور وہ اس فیصلے کو نہیں مانتے ۔انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کو تبدیل ہو نا چاہئے اور یہ فیصلہ 25جولائی کوتبدیل ہو جائے گا ۔ عوام ہر پولنگ سٹیشن پر پہرہ دیں تاکہ کوئی دھاندلی نہ کر سکے ۔ اگر کسی نے دھاندلی کی کوشش کی تو پھر جو کر ے گا تو اس کی سزا پائے گا اور یہ پوری قوم اس کی سزا دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف جب وعدہ کرتا ہے تو پورا کرتا ہے ۔ نواز شریف نے پاکستان سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا اور آج
وہ عدالت میں پیشیاں بھگت رہاہے ۔ انہوں نے کہا عوام کے دشمنوں کی خواہش ہے کہ نواز شریف کو قید کردیا جائے ان کی پہلے بھی خواہشات پوری ہوچکی ہیں۔ انہوں نے نواز شریف کو ہتھ کڑیاں لگائیں ملک سے 7سال کیلئے باہر نکال دیا ۔ ان کی آج بھی خواہش ہے کہ نواز شریف کو جیل بھیج دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جب میری آواز عوام تک پہنچے تو وہ میرا ساتھ دے ۔انہوں نے کہا کہ سوچنے والے بھی سوچتے ہوں گے کہ کس شخص سے پالا پڑا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام لوٹوں کو ووٹ نہیں دیں گے ۔ ووٹر نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے ساتھ کھڑ ا ہے ۔