نواز شریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کی رہائی کا حکم
ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی بیٹی مریم اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطل کردی گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بنچ نے نواز شریف، مریم اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزا معطلی کی اپیلوں پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر اکرم قریشی کے دلائل اور نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے جوابی دلائل مکمل ہوگئے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے تقریبا 2 بجے کیس کا فیصلہ محفوظ کیا جو 3 بجے سنایا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے نواز شریف، مریم اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے تینوں ملزمان کو پانچ پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے مختصر فیصلہ پڑھ کر سنایا۔ ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ تینوں ملزمان کی اپیلوں پر حتمی فیصلے تک احتساب عدالت کا حکم معطل رہے گا۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سمیت رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد احتساب عدالت کے اندر اور باہر موجود ہے۔ رہائی کا حکم آنے کے بعد ن لیگی کارکن جشن منارہے ہیں اور ایک دوسرے کو مبارک باد دے رہے ہیں،جب کہ مٹھائیں بھی تقسیم کی جارہی ہیں۔
آج دوران سماعت ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ نیب لندن فلیٹس سے نواز شریف کے تعلق کا کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا لیکن پراسیکیوٹر نیب کہہ رہے ہیں کہ ہم یہ فرض کر لیں کہ فلیٹس نواز شریف کے ہیں۔
جسٹس گل حسن اورنگزیب نے پراسیکیوٹر نیب سے کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ نواز شریف نے مریم کے نام فلیٹس بنائے؟۔ اکرم قریشی نے کہا کہ جی، نواز شریف فلیٹس کے اصل مالک تھے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ تو پھر نواز شریف کی ملکیت کا کوئی ثبوت بتادیں، ہم کیسے فرض کریں جب آپ کی تفتیش کے بعد بھی نواز شریف کا فلیٹس سے تعلق نہیں بن پارہا، نواز شریف تو کہیں بھی نظر نہیں آرہا، آپ تفتیش سے نواز شریف کا تعلق نہیں جوڑ سکے تو ہم فرض کیسے کر لیں، کیا ہم فرض کرلیں کہ بچے چھوٹے ہیں تو مالک والد ہوگا؟۔
اکرم قریشی نے کہا کہ بار ثبوت مجرموں پر تھا کہ وہ بتائیں فلیٹس کیسے بنائے، والد کو بچانے کے لیے مریم نواز نے جعلی ٹرسٹ ڈیڈ تیار کی، قانون کہتا ہے کہ جب فلیٹس ان کے قبضے میں تھے تو وہ ملکیت بتائیں، جب بچے کم عمر تھے تو فلیٹس کے مالک نواز شریف ہیں۔
عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ آپ کا موقف ہے کہ 1993 میں نواز شریف نے لندن فلیٹس خریدے، آپ کا کیس ہے کہ مالک مریم نواز نہیں بلکہ نواز شریف ہیں، تو مریم نواز پر آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس کیسے بن گیا؟۔
جسٹس گل حسن نے کہا کہ جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کے ذریعے اگر اثاثے چھپائے گئے تو اثاثے بنانے میں سزا کیسے ہوئی ؟ ۔پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ بچوں کی آمدن کے ذرائع بن نہیں رہے تھے تو مریم نواز نے جعلی ٹرسٹ ڈیڈ بنائی، نواز شریف کو بچانے کے لیے مریم نواز نے یہ جعلی معاہدہ بنایا، مریم نواز نے نیلسن اور نیسکول کی ملکیت تبدیل کر کے والد کی ملکیت چھپائی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ آگے چلیں، یہ تو مفروضوں پر مبنی ہے، فرض کر لیتے ہیں کہ نواز شریف نے فلیٹس خریدے، تو مریم اور نواز شریف دونوں مالک کیسے ہو سکتے ہیں، فرض کر لیں کہ مریم نواز نے جعلی ٹرسٹ ڈیڈ جے آئی ٹی اور احتساب عدالت میں جمع کرائی، اگر جرم جعلی ٹرسٹ ڈیڈ ہے تو اسے آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر سزا کیسے ہوئی؟۔
پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ آپ سارے سوالات مجھ سے ہی پوچھ رہے ہیں، کچھ سوالات نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث سے بھی پوچھ لیں۔ اس پر جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ آپ سے یہ سوالات اس لیے پوچھ رہے ہیں کہ آپ نے یہ تمام کہانی بنائی، آپ نے کوئی ایسا ثبوت پیش نہیں کیا جس سے نواز شریف کا دور سے کوئی تعلق بنے۔
واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو 10 سال، مریم نواز کو 7 اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے جب کہ حسین اور حسن نواز کو اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔