اسلام آباد ہائیکورٹ کے نوازشریف ،مریم اور صفدر کی رہائی کے فیصلے کو نیب نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا
نیب نے ایون فیلڈ ریفنرنس میں ہائیکورٹ کا نوازشریف ،مریم اور صفدر کی رہائی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے سپریم کورٹ میں اسلام آباد ہائیکورت کی جانب سے ایون فیلڈن میں احتساب عدالت کافیصلہ معطل کرنے کے فیصلے اور شریف فیملی کے تینوں افراد کی رہائی کیخلاف درخواست جمع کروا دی ہے ۔
نیب نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اسلام آبادہائیکورٹ کافیصلہ کالعدم قراردیاجائے کیونکہ ہائیکورٹ نے کیس کے شواہدکادرست جائزہ نہیں لیا۔ درخواست میں کہا گیاہے کہ ہائیکورٹ نے اپیل کے ساتھ سزامعطلی کی درخواستیں سننے کاحکم دیاتھا،ہائیکورٹ نے اپنے ہی حکم نامے کے برخلاف درخواستوں کی سماعت کی۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے نوازشریف ، مریم اور صفد ر کو ایون فیلڈ ریفرنس میں قید اور جرمانوں کی سزائیں سنائی تھیں جس کے بعد نوازشریف اور مریم صفدر برطانیہ سے واپس آئے اور انہیں لاہور ایئر پورٹ پر گرفتار کر کے خصوصی طیارے سے اسلام آباد پہنچایا گیا تھاس جس کے بعد انہیں احتساب عدالت کے جج بشیر کے سامنے پیش کیا گیا اور جیل بھیج دیا گیا ۔
شریف فیملی کی جانب سے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی گئی جس پر 18 سماعتوں کے بعد عدالت نے اپیلیں منظور کرتے ہوئے احتساب عدالت کے فیصلے کو معطل کر دیا اور شریف فیملی کے تینوں افراد کو ضمانت دے دی ۔