تضحیک آمیز رویہ قبول نہیں عزت کی موت کو ترجیح دوں گا :نواز شریف
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اہلخانہ کے اصرار کے باوجود جیل سے ہسپتال منتقل ہونے سے منع کردیا، خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کی والدہ اور دیگر اہلخانہ کی نوازشریف کو جیل سے ہسپتال منتقل ہونے کے لئے منانے کی کوشش ایک بارپھر کامیاب نہیں ہوسکیں۔قائد حزب اختلاف شہباز شریف، والدہ اور مریم نواز نے کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات کی جس میں اہلخانہ سابق وزیراعظم کو دل کی تکلیف اور طبیعت خرابی کے باعث ہسپتال جانے کیلئے مناتے رہے لیکن نواز شریف نے ہسپتال جانے سے انکار کردیا۔ نواز شریف نے اہلخانہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ علاج کی بھیک مانگی ہے اور نہ مانگوں گا کیوں کہ علاج کے نام پر سیاست ہورہی ہے۔