نوازشریف پہلا روزہ کوٹ لکھپت جیل میں افطار کریں گے

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کل شام 6 بجے سے پہلے کوٹ لکھپت جیل میں پہنچ جائیں گے اور پہلا روزہ جیل میں ہی افطار کریں گے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سپریم کورٹ نے 26 مارچ کو نواز شریف کی طبی بنیادوں پر 6 ہفتوں کے لیے عبوری ضمانت منظور کی تھی، جس کے بعد سابق وزیر اعظم کی ضمانت کی مدت 7 مئی کو ختم ہورہی ہے، تاہم جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی سی او لاہور کی جانب سے لیگی رہنماؤں کو نئے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے کہ نواز شریف 7 مئی شام 6 بجے سے پہلے کوٹ لکھپت جیل میں پہنچ جائیں۔

جیل ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا آگاہ کیا گیا ہے کہ جیل قوانین پر عمل کیا جائے گا، نواز شریف لاک اپ بند ہونے سے پہلے جیل پہنچیں، جیل میں انہیں نیا قیدی نمبر الاٹ کیا جائے گا۔ نواز شریف کو پہلے والی بیرک میں ہی رکھا جائےگا، اور انہیں بی کلاس دی جائے گی، جہاں انہیں اخبار، ٹی وی، دو کرسیاں، چارپائی، میٹرس، فریج وغیرہ کی سہولت فراہم ہوگی۔ نواز شریف کو نیا مشقتی بھی فراہم کیا جائے گا جو جیل قیدیوں میں سے ہوگا۔

جیل ذرائع کاکہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف پہلا روزہ جیل میں ہی افطار کریں گے، اور ان کی سحری اور افطاری کا کھانا گھر سے جائے گا، نوازشریف کے ملازم کا جیل کارڈ بنایا جائے گا جو انہیں کھانا فراہم کرے گا۔ جب کہ ان کے گھر سے ضروری سامان پہلے ہی جیل پہنچا دیا گیا ہے۔
جیل ذرائع نے بتایا ہے کہ پولیس نے نوازشریف کی جیل واپسی کےلیے سیکیورٹی پلان کو بھی حتمی شکل دے دی ہے، سیکیورٹی کے لیے جاتی امراء سے جیل تک 400
اہلکار تعینات ہوں گے، جن میں 3 ایس پی، 6 ڈی ایس پیز اور10 ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.