نیوزی لینڈ کے دہشتگرد کے پاکستان آنے کا انکشاف،پاکستان کے بارے میں کیا تاثرات ظاہر کیے؟ حیران کن دعویٰ
نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں 2 مساجد پر حملہ کرکے 49 مسلمانوں کو شہید کرنے والے دہشتگرد کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ گزشتہ برس پاکستان بھی آیا تھا۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق نیوزی لینڈ میں مسلمانوں کے خون کی ہولی کھیلنے والا دہشتگرد برینٹن ٹیرنٹ 2011 کے بعد سے دنیا کے مختلف ممالک میں گھومتا رہا ہے۔ اس نے بٹ کوئین کی فروخت سے حاصل ہونے والے پیسوں سے شمالی کوریا، پاکستان ، جنوب مشرقی ایشیا، مشرقی ایشیا اور یورپ کا ٹور کیا۔ اس نے گزشتہ برس پاکستان کے بارے میں فیس بک پر ایک پوسٹ بھی کی تھی۔
آسٹریلوی اخبار دی سڈنی مارننگ ہیرالڈ کے مطابق دہشتگرد برینٹن ٹیرنٹ نے پاکستان کے بارے میں فیس بک پر لکھا ’ یہ ایک ناقابل یقین جگہ ہے جو دنیا کے سب سے زیادہ پرخلوص، رحم دل اور مہمان نواز لوگوں کا مسکن ہے، خزاں کے موسم میں ہنزہ اور نگر ویلی کے حسن کو کوئی شکست نہیں دے سکتا‘۔