نیوزی لینڈ کی اس خاتون نے بہادری کی شاندار مثال قائم کر دی، مساجد میں حملہ ہونے کے بعد کیا کام کیا؟ پوری دنیا داد دینے لگی

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں 40 افراد شہید ہو گئے ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 3 افراد کو حراست میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اس حملے کے بعد کرائسٹ چرچ سمیت نیوزی لینڈ کے عوام صدمے میں ہیں اور متاثرین کیساتھ ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں لیکن ایسے میں کرائسٹ چرچ کی رہائشی خاتون ’جِل‘ نے بہادری اور ہمدردی کی ایک ایسی شاندار مثال قائم کر دی کہ پوری دنیا داد دینے پر مجبور ہوگئی ہے۔

مذکورہ خاتون نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”ایک شخص نے تین زخمیوں کو اپنی گاڑی میں بٹھایا اور ہسپتال لے گیا۔ ایک شخص کو میں نے چھپا لیا جو اپنی اہلیہ کو فون کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس کے علاوہ سڑک کی دوسری جانب میں ایک اور شخص کو دیکھ سکتی تھی جو بہت بری حالت میں تھا مگر میں اس نے پاس نہیں جا سکتی تھی کیونکہ وہی وہ جگہ تھی جہاں سے فائرنگ ہو رہی تھی۔

جس شخص کو میں نے چھپایا اور گولی لگنے کی جگہ پر دباﺅ ڈال رکھا تھا، وہ اپنی اہلیہ کو فون کرنے کی کوشش کر رہا تھا اور پھر میں نے کسی طریقے سے اس کا فون سن لیا اور بتایا کہ تمہارے شوہر کو مسجد کے باہر گولی لگی ہے۔ تم ’ڈینز ایونیو‘ مت آنا، تم یہاں نہیں پہنچ سکو گی مگر برائے مہربانی تم ہسپتال چلی جاﺅ اور اپنے شوہر کے وہاں پہنچنے کا انتظار کرو۔

اس کے بعد میں نے مذکورہ شخص کیساتھ گفتگو شروع کر دی اور اسے بتانے لگی کہ تمہاری اہلیہ ہسپتال میں تمہارا انتظار کر رہی ہے، وہ ہمت نہیں ہار رہا تھا اور پھر ہم نے خون روکنے کیلئے زخم پر دباﺅ برقرار رکھنے کے علاوہ مدد امدادی ٹیمیں پہنچنے تک وہ سب کچھ کیا جو ہم کر سکتے تھے۔ اسی دوران سڑک کی دوسری جانب موجود بیچارہ شخص جان کی بازی ہار گیا اورمیری کار اب بھی وہیں پر موجود ہے۔“

”جِل“ نے نم آنکھوں کیساتھ مزید بتایا کہ میں 66 سال کی ہوں اور میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ اپنی زندگی کے دوران نیوزی لینڈ میں ایسا کچھ دیکھوں گی۔ جل سے جب یہ کہا گیا کہ آپ ایک ہیرو ہیں جنہوں نے بہترین کام کیا ہے تو انہوں نے کہا کہ میں کوئی ہیرو نہیں ہوں بلکہ وہی کیا جو وقت کی مناسبت سے کرنا چاہئے تھا، کاش میں اس سے کچھ زیادہ کر سکتی۔

Source

Leave A Reply

Your email address will not be published.