لاہور کے نجی اسکول میں متنازعہ کتاب پڑھائے جانے کا انکشاف
نجی اسکول میں معاشرتی علوم کی کتاب میں موجود نقشے میں آزاد کشمیر کو بھارت کا حصہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے نجی اسکول میں متنازعہ کتاب پڑھائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، نجی اسکول میں پڑھائی جانے والی معاشرتی علوم کی کتاب میں موجود نقشے میں آزاد کشمیر کو بھارت کا حصہ ظاہر کیا گیا ہے، کتاب دوسری سے آٹھویں جماعت کو پڑھائی جارہی تھی تاہم انکشاف ہونے پر پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے نجی اسکول کے تمام کیمپسز میں پڑھائی جانے والی سوشل اسٹڈیز کی کتاب پر پابندی لگادی گئی ہے اور کتاب پر پابندی کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ عبدالقیوم نے متنازعہ کتاب کے حوالے سے بتایا ہے کہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی اجازت کے بغیر کسی بھی نجی ناشر کی کتاب نصاب کا حصہ نہیں بن سکتی، لیکن یہ کتاب ناصرف ہماری اجازت کے بغیر شائع ہوئی بلکہ نصاب کا حصہ بھی بن گئی جس پر ہم نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقامی تھانے میں اسکول انتظامیہ، پبلشر، اور پرنٹرز کے خلاف درخواست جمع کرا دی ہے جب کہ پرنٹر و پبلشر کو گرفتار کرکے پورے ملک سے کتابیں اٹھانے کی درخواست بھی دے دی گئی ہے۔