نجی اسکولوں کو موسم گرما کی تعطیلات کی فیس وصولی سے روک دیا گیا، عدالت نے حکم جاری کر دیا
ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کو موسم گرما کی تعطیلات کی فیس وصولی سے روک دیا۔ ایکسپریس نیوزکے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں پرائیویٹ اسکولوں کی فیسوں سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔ پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشن ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی جانب سے راشد حنیف ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس شوکت عزیزصدیقی نے استفسار کیا
کہ فیسوں سے متعلق پیرا کیا کررہی ہے؟ راشد حنیف کا کہنا تھا کہ سندھ، لاہور اور پشاور ہائیکورٹ نے موسم گرما کی فیسوں سے متعلق حکم امتناع جاری کیا ہوا ہے جب کہ سنگل رکنی بنچ نے پیرا کے اختیارات ختم کر دیئے تھے، اپیل زیر سماعت ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ جن والدین نے بچوں کی موسم گرما کی فیس جمع کرا دی ان کی فیس تعطیلات کے بعد آئندہ مہینوں کی فیس کی مد میں جمع کی جائے، عدالت نے کیس کی سماعت 20 جون تک ملتوی کردی۔