ناخن کے دوعلیحدہ رنگ جگر کے امراض کی علامت
ایک امریکی طبی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ اگر آپ کے ناخن دو رنگوں کے ہوچکے ہیں تو اس سے آپ کے گردوں اور جگر کے امراض میں مبتلا ہونے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔
امریکا کی ورجینیا یونیورسٹی میں کی گئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ناخنوں کے دو رنگوں میں تقسیم ہونے سے گردوں اور جگر کے امراض میں مبتلا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ تحقیق میں ناخنوں کی ایک علامت ’’ہاف اینڈ ہاف نیلز‘‘ کو گردوں اور جگر کے مسائل کا انتباہ قرار دیا گیا جب کہ اس علامت میں ناخن کا ایک حصہ سفید اور دوسرا حصہ گلابی یا کسی اور رنگ کا ہوجاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق گردوں کے امراض میں مبتلا ہونے کے باعث انسانی جسم میں مخصوص ہارمون اکٹھے ہوجانے یا خون کی شدید کمی ہونے سے ممکنہ طور پر ناخن کی رنگت ایسی ہوجاتی ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ گردوں اور جگر کے مسائل اکثر رنگت میں تبدیلی کا باعث بنتے ہیں جو ناخنوں اور جلد پر ظاہر ہوتی ہے تاہم اکثر تشخیص پیچیدہ ہوتی ہے اور کچھ علامات مختلف امراض سے منسلک ہوسکتی ہیں۔ اس لیے اگر آپ اپنے ناخنوں میں ایسی تبدیلی دیکھیں تو کسی طبی ماہر سے رجوع کیجیے۔