اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں اتنی کمی کی سفارش کر دی کہ آپ کو یقین نہیں آئے گا، جان کر آپ بے اختیار کہہ اٹھیں گے ”ایک دم اتنی کمی نہ کرو“
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی سمری تیار کر لی ہے جس میں پیٹرول کی قیمت میں صرف 50 پیسے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں صرف 50 پیسے فی لیٹر کمی کی سفارش کئے جانے پر عوام مایوسی کا شکار ہیں کیونکہ اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں 10 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور پاکستانی معیشت کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا جا رہا تھا کہ حکومت پیٹرول کی قیمت میں زیادہ نہیں تو کم از کم 4 روپے فی لیٹر تک کمی ضرور کرے گی مگر اوگرا کی سمری نے تمام قیاس آرائیاں غلط ثابت کر دی ہیں جس کے باعث عوام مایوسی کا شکار ہیں۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق اوگرا کی سمری میں ہائی پیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے فی لیٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سمری کی منظوری دئیے جانے کے بعد نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا جبکہ وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری سے ہو گا۔