پاک فضائیہ کے بعد پاک بحریہ نے بھی بھارت کو زوردار جھٹکا دے دیا
پاک فضائیہ کے بعد پاک بحریہ نے بھی بھارت کو ناکامی سے دوچار کر دیا ہے اور اپنے سمندری زون میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر اسے پسپا کرنے پر مجبور کر دیا ہے، ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ حکومت کی امن پالیسی کے تحت بھارتی آبدوز کو نشانہ نہیں بنایا گیا، بھارت سبق حاصل کرتے ہوئے امن کی طرف راغب ہو۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک بحریہ نے اپنے سمندری زون میں موجود بھارتی آبدوز کا سراغ لگا لیا اور بھارت کو سمندری محاذ پر بھی ناکامی کا منہ دکھایا ہے۔ پاک بحریہ اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارتوں کے ساتھ ہر دم چوکنا ہے جس نے بھارتی آبدوز کی خفیہ رہنے کی تمام کوششیں ناکام بناتے ہوئے ناصرف اس کا سراغ لگایا بلکہ اسے پاکستان کے پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
نومبر 2016ءکے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا گیا ہے اور پاک بحریہ کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کی آبدوز کا سراغ لگا کر اسے پسپا کرنا بھارتی بحریہ کی ناکامی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ امن قائم رکھنے کی حکومتی پالیسی کے باعث بھارتی آبدوز کو نشانہ نہیں بنایا گیا جو پاکستان کی امن پسندی کا غماز ہے اور اس واقعے سے سبق حاصل کر کے بھارت کو بھی امن کی جانب راغب ہونا چاہئے۔
پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ یہ اہم کارنامہ پاکستان نیوی کی اعلیٰ صلاحیتوں کا منہ بولتاث بوت ہے جو پاکستان کی سرحدوں کے دفاع کیلئے ہر لمحہ مستعد ہے اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔