پاکستان کا وہ علاقہ جہاں ایک ہی خاندان کے 180 افراد نے اسلام قبول کرلیا
مقامی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب کے دوشہروں ساہیوال اور سرگودھا میں ایک ہفتے کے دوران 188 غیر مسلموں نے اسلام قبول کرلیا جن میں ساہیوال کے نواحی علاقہ جہان خان کا ایک خاندان بھی شامل ہے جس کے 180 مسیحی افراد نے اسلام قبول کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مسیحی خاندان نے مقامی عالم دین حافظ طارق کے سامنے کلمہ پڑھا اور دائرہ اسلام میں داخل ہوگئے۔ اسلام قبول کرنے والوں میں 82 مرد، 42 خواتین، 33 نوجوان لڑکیاں اور 24 نوجوان لڑکے شامل ہیں۔مقامی لوگوں کی جانب سے نومسلم خاندانوں کے لیے بڑے پیمانے پر دعوت کا اہتمام کیا گیا انہیں مختلف تحائف بھی دیئے گئے۔
رپورٹ کے مطابق اسی طرح چند روز قبل سرگودھا کے چک 34 جنوبی میں بھی ایک مسیحی خاندان کے 8 افراد نے اسلام قبول کیا۔ روکس مسیح نامی شخص نے گاو¿ں کے امام مسجد کی تبلیغ سے متاثر ہو کر بیوی بچوں کے ہمراہ اسلام قبول کیا۔ نومسلم روکس کا اسلامی نام عبدالرحمن جبکہ دیگر افراد کے نام صائمہ، تبسم، محمد عدیل، محمد نوید، شکیل، نبیل احمد اور مہناز رکھے گئے۔