پاکستان اور بھارت نے ایک مرتبہ پھر اپنے جنگی طیارے فضا میں بلند کر دیئے
پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی 26 فروری کے بعد سے شروع ہو ئی اور تاحال جاری ہے تاہم اس میں کمی ضرور واقع ہوئی ہے لیکن ایک مرتبہ پھر سے پاکستان اور بھارت نے اپنے جنگی طیارے فضامیں بلند کر دیئے لیکن دونوں ملکوں کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی گئی ۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز بھارت کے علاقے کھیم کرن میں پاکستانی ڈرون کی موجودگی کا احسا س ہونے پر بھارتی فضائیہ نے اپنے جنگی طیارے ہوا میں اڑا دیئے جس کے جواب میں پاکستان کے شاہینوں نے بھی اڑان بھری تاہم بھارتی فضائیہ کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی نہیں کی گئی تاہم دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ نہیں ہوا ۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی ریڈارز نے پاکستانی ڈرونز کو پیر کی صبح 3 بجے ڈیکٹیکٹ کیا تھا۔
یاد رہے کہ 26 فروری کو بھارتی طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پے لوڈ گرایا اور فرار ہو گئے تاہم اگلے ہی روز پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر زور دار جواب دیا لیکن بھارتی فضائیہ نے ایک مرتبہ پھر سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی اور طیارے پاکستان بھیجنے کی کوشش کی لیکن اس مرتبہ ان کی قسمت اچھی نہ رہی اور پاک فضائیہ کے شاہینوں نے کمال مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے دو طیارے مار گرائے جبکہ ایک پائلٹ ابھی نندن کو بھی گرفتار کر لیا جسے بعد ازاں امن کے قیام کیلئے رہا کر دیا گیا ۔