پاکستان کا نام گرے لسٹ میں شامل کرنے کی قرار داد
پاکستان کیلئے ایک بہت بڑی خوشخبری آ گئی ہے ،پاکستان کو امریکہ کی گرے لسٹ میں ڈالنے کی مذموم کوشش فی الحال تین ماہ کیلئے ناکام بنا دی گئی ہے جبکہ خواجہ آصف کا کہناہے کہ تین ماہ کے بعد جب اس پر دوبارہ نظر ثانی کی جائے گی تو یہی صورتحال ہو گی اور ہمارے اتحادی ممالک ہمارا ساتھ دیں گے ۔
نجی ٹی وی جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ اللہ نے کرم کیاہے ہمارا یہ موقف ہے کہ ہم نے ایسے اقدامات کیے ہیں جس سے گرے لسٹ میں ڈالنے کا اقدام درست نہیں ہے اور ہمارا یہ موقف دوست ممالک نے تسلیم کیاہے اوراس قرار داد کو پذیرائی نہیں ملی ۔خواجہ آصف نے بتایا کہ اس قرار داد کو پیش کرنے کیلئے 4 ووٹ چاہیے ہوتے ہیں جبکہ اس کو کاونٹر کرنے کیلئے بھی 4 ووٹ درکار ہو تے ہیں ۔ خواجہ آصف کا کہناتھا کہ امریکہ ہمیں گرے لسٹ میں ڈالنے کی کوشش کر رہاہے لیکن ہم اس کا مقابلہ کریں گے ۔ فنانشل ٹاسک فورس میں آج جو ووٹنگ ہوئی اس میں سعودی عرب ،خلیج تعاون تنظیم ،ترکی اور چین نے ہمارے حق میں ووٹ دیاہے ۔ وزیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان کو ٹیرر فنانسنگ واچ لسٹ میں ڈالنے کی قرار داد کوفی الحال تین ماہ کیلئے موخر کر دیا گیاہے اور اس پر تین ماہ کے بعد دوبارہ نظر ثانی ہو گی جس میں امید ہے کہ یہی صورتحال ہو گی اور ہمارے اتحادی ممالک ہمارا ساتھ دیں گے اور ہمارا نام گرے لسٹ میں شامل نہیں ہو پائے گا اور ہو سکتاہے کہ روس بھی ہمارے ساتھ کھڑا ہو۔
واضح رہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالنے کی تجویز امریکہ اور برطانیہ نے پیش کی تھی جس کے بعد جرمنی اور فرانس نے اس کی تائید کر دی تھی ۔