جاسوسی کے لیے پاکستان میں داخل ہونے والے 2 بھارتی گرفتار
جاسوسی کے لیے پاکستان میں داخل ہونے والے 2 بھارتیوں کو چولستان سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع بہاولپور کے شہر یزمان کے ایک علاقے سے 2 بھارتی باشندے گرفتار کر لیے گئے ہیں، پولیس نے غیر ملکیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
گرفتار شدہ بھارتی شہریوں میں پرشانت وائندم ولد بابو راؤ اور وری لعل ولد صوبی لعل شامل ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بھارتی باشندوں کے خلاف ایل اوسی کی خلاف وزری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پرشانت کا تعلق بھارتی شہر حیدر آباد جب کہ وری لال کا تعلق ریاست مدھیہ پردیش سے ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ دونوں بھارتی شہری بغیر دستاویز اور پاسپورٹ پاکستان میں آئے، بھارتی شہریوں نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی اور غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے۔
پولیس کی جانب سے ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پرشانت اور دری لعل کا راہداری ریمانڈ منظور ہونے کے بعد انھیں ایف آئی اے ملتان کے حوالے کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ رواں برس 2 اگست کو بھی گوجرانوالہ سے ایک بھارتی شہری پنجم تیواری کو گرفتار کیا گیا تھا، اس کے بارے میں انکشاف ہوا کہ وہ دس سال سے پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم ہے، پنجم تیواری نے مسلمان ہونے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔ اس نے ایک بیان میں کہا کہ وہ بہ طور مسلمان پاکستان میں زندگی گزارنا چاہتا ہے۔