گاڑیوں کے شوقین پاکستانیوں کیلئے خوشخبری آگئی ایک اور کمپنی کا پاکستان میں گاڑیاں بنانے کا معاہدہ ، قیمت کتنی ہوگی؟ جان کر ہرپاکستانی کا دل بلیوں اچھلے گا
جاپانی برانڈ ڈاٹسن گاڑیاں تیار کرنے والی نسان موٹر کمپنی لمیٹڈ اور گندھارا نسان لمیٹڈ کے درمیان پاکستان میں ڈاٹسن گاڑیوں کی پیداوار کے لیے شراکت داری کا معاہدہ طے پاگیا ہے،معاہدے کے مطابق پاکستان میں ڈاٹسن اور نسان گاڑیوں کی پیداوار کے لیے 4 سال کے عرصے میں 4.5ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جائیگی۔ گاڑیوں کی پیداوار 2019کی پہلی سہ ماہی سے شروع ہوگی جبکہ 2000کے لگ بھگ افراد کو براہ راست روزگار میسر ہوگا۔
ایکسپریس ٹربیون کے مطابق ڈاٹسن کم بجٹ کی چھوٹی گاڑیاں بنانے میں خصوصی مہارت رکھتی ہے اور مارکیٹ ذرائع کاکہناہے کہ ممکنہ طورپر نسان ڈاٹسن پاکستانی مارکیٹ میں متعارف کرائی جائے گی جس کی پڑوسی ملک بھارت میں قیمت تین لاکھ اکتیس ہزار روپے ہے ۔ یہ لانچنگ ایک ایسے وقت پرہورہی ہے جب پاکستان نے 2016ءمیں پانچ سالہ آٹومیٹو پالیسی کا اعلان کررکھا ہے اور ’گرین فیلڈ‘ و’براﺅن فیلڈ‘ انویسٹمنٹ سیکٹرز متعارف کرارکھے ہیں۔
معاہدے کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی جس میں گندھارا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد قلی خان اور نسان موٹرز کے سینئر وائس پریزیڈنٹ پیمان کارگر نے معاہدے پر دستخط کیے اور صحافیوں کو اس شراکت داری اور گاڑیوں کی مقامی سطح پر پیداوار کے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
احمد قلی خان نے بتایا کہ نسان موٹر کمپنی لمٹیڈ پاکستان میں ڈاٹسن ماڈلزکی پیداوار شروع کررہا ہے۔ اس مقصد کے لیے آٹوموٹیو پارٹنرز، گندھارا نسان لمٹیڈکے ساتھ مینوفیکچرنگ اور لائسنسنگ کا معاہدہ کیا گیا ہے۔اس معاہدے کے تحت گندھارا نسان لمیٹڈکے ساتھ اشتراک میں،پاکستان کی مارکیٹ میں ڈسٹری بیوشن اوروسیع تر رسائی کو ممکن بنایا جائے گا، جہاں نئی کاروں کی طلب سالانہ دو لاکھ گاڑیوں سے تجاوز کرچکی ہے۔یہ اقدام نسان موٹرز کی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں آٹوموٹیو کی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں اپنا کردار بڑھانا اور صارفین کی بڑھتی ہوئی طلب کے مطابق نئی ٹیکنالوجی، برانڈز اور مصنوعات متعارف کرانا ہے۔
اس حوالے سے نسان موٹرز کے سینئر وائس پریزیڈنٹ، پیمان کارگر نے کہا کہ پاکستان کی آٹوموٹیو مارکیٹ میںڈاٹسن کی آمد، مقامی مینوفیکچرنگ انفرااسٹرکچر کی ترقی کے تسلسل اورموثر اقتصادی سرگرمیوں کی جانب ایک نمایاں قدم ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اس منصوبے میں پاکستانی حکومت کے قریبی تعاون اورمعاونت سے قومی معیشت، صارفین ،شراکت داروں اور نسان موٹرز کوپائیدار فوائد حاصل ہوں گے۔