پاکستان کیخلاف بیان دینے والے پاسداران انقلاب کے سربراہ برطرف
ایرانی سپریم لیڈر نے پاکستان کیخلاف بیان دینے والے پاسداران انقلاب کے سربراہ کو برطرف کردیا، آیت اللہ علی خامنہ ای نے پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل محمد علی جعفری کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
ایرانی خبر رساں اداروں کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بریگیڈئیر جنرل حسین سلامی کو سپاہِ پاسداران انقلاب کا نیا کمانڈر انچیف مقرر کیا ہے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی کی اطلاع کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای نے یہ اقدام امریکا کے پاسدارانِ انقلاب کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے چند روز بعد کیا ہے۔ تاہم ایران کے سرکاری ٹی وی نے بریگیڈئیر جنرل حسین سلامی کے اس طرح اچانک تقرر کی کوئی وجہ بیان نہیں کی ہے اور صرف یہ کہا ہے کہ سپریم لیڈر نے حسین سلامی کو پاسداران انقلاب کا نیا کماندارِ اعلیٰ مقرر کیا ہے اور وہ محمد علی جعفری کی جگہ لیں گے۔
واضح رہے کہ میجر جنرل محمد علی جعفری نے فروری میں پاسدران ایران پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان کے اندر کاروائی کرنے کی دھمکی دی تھی۔ جبکہ حملے کا الزام پاکستان پر بھی عائد کیا تھا۔ تاہم اب میجر جنرل محمد علی جعفری کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔