پاکستانی سمجھ کر اپنا ہی ہیلی کاپٹر مار گرانے پر بھارتی فضائیہ کے افسر کیخلاف کارروائی
بھارتی وزارت دفاع نے غلطی سے اپنے ہی Mi-17 ہیلی کاپٹر کو میزائل سے تباہ کرنے والے انڈین ایئر فورس کے آفیسر کے خلاف فوجداری قوانین کے تحت کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت نے 27 فروری کو سری نگر میں تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کے ذمہ دار کیخلاف مجرمانہ غفلت برتنے پر محکمانہ تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، یہ کارروائی فوجداری قوانین کے تحت کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ممکنہ آئینی اقدامات اور قوانین پر غور کیا جا رہا ہے۔
کورٹ آف انکوائری کی انویسٹی گیشن کی ابتدائی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ سری نگر میں تباہ ہونے والا Mi-17 ہیلی کاپٹر غلطی سے انڈین ایئر فورس کے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کی زد میں آگیا تھا جس پر ایئر آفیسر کمانڈنگ سری نگر ایئر بیس کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
اب جب کہ انکوائری مکمل ہونے والی ہے اور یہ واضح ہوچکا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو دشمن طیارہ سمجھ کر غلطی سے نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار پانچوں اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ بھارتی وزارت دفاع نے غفلت برتنے والے انڈین ایئر فورس کے آفیسر کیخلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ 27 فروری کو پاک فضائیہ نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے دو بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا جب کہ ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔