سرفراز احمد کی جگہ شاداب خان قومی ٹیم کے کپتان، عمر اکمل کی واپسی کے علاوہ اور کیا کچھ ہونے جا رہا ہے؟ پی ایس ایل کے دوران ہی قومی کرکٹ ٹیم سے متعلق اہم ترین خبر آ گئی
پاکستان کرکٹ ٹیم انتظامیہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نان سٹاپ سیزن کے بعد آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کپتان سرفراز احمد سمیت کئی اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کی منصوبہ بندی کررہی ہے تاکہ انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں اور ورلڈ کپ میں کھلاڑی ترو تازہ ہوکر شرکت کرسکیں۔
نجی خبر راں ادارے ”روزنامہ جنگ“ کے مطابق سر فراز احمد کو کم از کم دو ون ڈے انٹر نیشنل میں آرام دے کر قیادت کی ذمہ داری شاداب خان کو دی جاسکتی ہے جبکہ وکٹ کیپنگ محمد رضوان کریں گے۔ سینئر کھلاڑی شعیب ملک کو بھی آرام دیا جائے گا جبکہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ تینوں فارمیٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں باری باری آرام دیا جائے گا۔ شاداب خان کی موجودگی میں لیگ سپنر یاسر شاہ کو بھی دو میچوں میں موقع دیا جائے گا۔ سلیکٹرز چاہتے ہیں کہ شاداب خان کی قائدانہ صلاحیتوں کو چیک کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق اس حوالے سے فیصلے کیلئے سلیکٹر وجاہت اللہ واسطی ، مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد سے ملاقات کریں گے۔ ٹیم انتظامیہ چھ سے سات لڑکوں کو آزمانہ چاہتی ہے۔ ان کے علاوہ عمر اکمل ،عابد علی، وہاب ریاض کو بھی موقع دیا جاسکتا ہے۔ لاہور قلندرز کے فاسٹ باﺅلر حارث روف کو فی الحال کھلانے کی کوئی تجویز نہیں ہے۔
انضمام الحق نے نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر میں ایشیاءکپ کے بعد مسلسل کرکٹ نے پلیئرز کو تھکا دیا ہے تاہم آرام دینے سے متعلق حتمی فیصلہ سرفراز احمد اور مکی آرتھر سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔