تحریک انصاف کا جلسہ، پارک کو پہنچنے نقصان اور گندگی کے بارے میں تو آپ سب نے سن لیا ہوگا لیکن اب مینار پاکستان کے بارے میں ایسا دعویٰ سامنے آگیا کہ جان کر ہرپاکستانی کو شدید دکھ ہو گا
پارکس اینڈ ہارٹیکلچرل اتھارٹی کی ایک تحقیقاتی ٹیم نے پی ٹی آئی کے جلسے سے ہونیوالے نقصانات کی تخمینہ جاتی رپورٹ تیار کر کے ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کو پیش کر دی۔
رپورٹ میں ہارٹیکلچرل اور سول ورکس کی مد میں مجموعی طور پر پونے 23 لاکھ روپے کے نقصان کا انکشاف کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جلسے کے باعث ہارٹیکلچرل کی مد میں دو لاکھ 38 ہزار دو سو روپے جبکہ سول ورک کی مد میں 21 لاکھ 40 ہزار روپے کا نقصان ہوا۔
یہ بھی بتایاگیا ہے کہ ڈی جی پی ایچ اے نقصان کے ازالے کیلئے پی ٹی آئی لاہور کی قیادت کو باقاعدہ نوٹس جاری کرینگے، جبکہ گریٹر اقبال پارک انتظامیہ کا کہنا ہے مینار پاکستان کے فرش میں دراڑیں پڑچکی ہیں، وجہ پی ٹی آئی جلسہ کیلئے بنایا جانے والا وہ سٹیج ہے جو مینار پاکستان کے سائے تلے فرش پر قائم کیاگیا تھا۔ انتظامیہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں اپنے جلسے ضرور کریں لیکن قومی املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔
فنی ماہرین کے مطابق فرش میں دراڑیں کنٹینرز کے ذریعے بنائے جانیوالے سٹیج کے وزن سے پڑی ہیں۔دوسری طرف سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کے بعد پی ٹی آئی کو دو دن بعد مینار پاکستان گراﺅنڈ کی صفائی کا خیال آ گیا، عبدالعلیم خان اور رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی نے گریٹر اقبال پارک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر عبدالعلیم خان نے کہا انتظامیہ نشاندہی کرے جتنا نقصان ہوا پورا کریں گے ،دونوں رہنماﺅں نے صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا ،شعیب صدیقی خود ہی جھاڑو اٹھا کر صفائی کرنے لگ پڑے۔
عبدالعلیم خان نے رانا ثنااللہ کے خواتین سے متعلق بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا خواتین سب کی سانجھی ہوتی ہیں ،لیگی رہنماﺅں کو ایسے بیانات پر شرم آنی چاہیے ،ن لیگی خواتین نے اس آدمی کو تھپڑ کیوں نہیں لگایا؟،ن لیگی خواتین میری بہنیں ہیں، آپ ان سے پوچھیں ایسا کیوں کہا؟۔
انکا کہنا تھا شہباز شریف صاحب میدان کھلا ہے چیلنج کرتا ہوں آﺅ بھر کے دکھاﺅ،کرسیاں اور ٹینٹ میں لگا دوں گا۔