بیوی کی نازیبا وڈیو اپ لوڈ کرنے والا پنجاب پولیس کا ایس پی اشتہاری قرار
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے اپنی بیوی کی نازیبا وڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والے پنجاب پولیس کے ایس پی جنید ارشد کو انتہائی مطلوب اشتہاری قرار دے دیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے پنجاب پولیس کےمعطل ایس پی جنید ارشد کو انتہائی مطلوب اشتہاریوں کی فہرست میں شامل کر لیا اور اس کی گرفتاری کے لیے پنجاب پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مدد مانگ لی ہے۔
جنید ارشد کی بیوی نے اسے دوسری شادی کی اجازت نہیں دی تھی جس پر اس نے بیوی کو بدکردار ثابت کرنے کے لیے اپنے دوست کی مدد سے جعلی فیس بک اکاؤنٹ بنایا، اس فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعے وہ بیوی کی نازیبا تصاویر اور وڈیوز سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتا اور اسے بیوی کے گھر والوں کو بھجواتا تھا۔
جنید ارشد کی بیگم نے اپنے خلاف ہونے والی اس قبیح حرکت پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو درخواست دی تھی۔ایف آئی اے کو دوران تفتیش معلوم ہوا کہ اس سارے کھیل کا اصل محرک کوئی اور نہیں بلکہ جنید ارشد ہی ہے، ایف آئی اے نے ٹھوس ثبوت کی بنیاد پر جنید ارشد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ عدالت سے ان کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد ملزم عدالت سے ہی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا.